بڑے آبی ذخائر کی تعمیر میں مزید تاخیر ملک کو صحرا بنا دیگی‘خواجہ حبیب الرحمان

کالاباغ ڈیم کے معاملے پر اتفاق رائے کیلئے نیک نیتی سے کاوشیں کی جائیں ‘صدر ایران پاک فیڈریشن آف کلچر اینڈ ٹریڈ

اتوار 20 مئی 2018 13:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2018ء) ایران پاک فیڈریشن آف کلچر اینڈ ٹریڈکے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ بھارت نے پا کستان کا پانی روکنے کیلئے سینکڑوں ڈیم بنا لئے ہیں مگر ہم کئی دہا ئیوں سے کالا باغ ڈیم کی تعمیر پر متفق نہیں ہو سکے ،کالا باغ ڈیم کے معاملے پر اتفاق رائے کے لئے نیک نیتی سے کاوشیں کی جائیں اور اس کیلئے تمام صوبوں کے آبی ماہرین کی کانفرنس بلائی جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر پختوانخواہ سے ملاقات کیلئے آنے والے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔خواجہ حبیب الرحمان نے کہا کہ ،جنگی بنیادوں پر 10 ملین ایکڑ فٹ کی گنجائش کے نئے ذخائر تعمیر نہ کئے گئے تو ملک ا گلے 7 برسوں تک پانی کی شدید کمی والے ممالک کی فہرست میں شامل ہوجائے گا، کا لا باغ ڈیم کی تعمیر میں مزید تاخیر ملک کو صحرا بنا دے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ1947میں ملک میں فی کس پانچ ہزار مکعب میٹر پانی دستیا ب تھا جواب ایک ہزار مکعب میٹر کی سطح تک رہ گیا ہے۔ ملکی جی ڈی پی میں زراعت کا حصہ21 فیصد سے زیادہ ہے جبکہ70 فیصد برآ مدات بھی زراعت سے منسلک ہیں جس کادارومدار پانی پر ہے۔تر بیلا ڈیم، چشمہ اور منگلا ڈیم کی پانی ذخیرہ کر نے کی استعداد میں25 فیصد کی کمی ریکارڈ کی جا چکی ہے جس میں ہر سال اضافہ ہو رہا ہے۔

حکومت ہنگامی بنیادوں پر ملک میں پانی کے ذ خائر تعمیر کر نے کی کوشش کرے تاکہ معیشت کو ممکنہ تباہی سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانی کی کمی کی وجہ سے زیر زمین پانی پر انحصار خطر ناک حد تک بڑھ گیا ہے،12سال میں آ بادی 24 کروڑ سے تجاوز کر جائے گی جبکہ پانی کی کمی31 ملین ایکڑ فٹ بڑھ جائے گی جو ملکی سالمیت کیلئے سنگین خطرہ ہو گا۔