عام انتخابات فیصلہ کن معرکہ ،منفی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہو جائیگی‘ حمزہ شہباز

حکومت نے اپنے منشور کے مطابق پانچ سالوں میں عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنایا ‘رہنمائوں سے ملاقات میں گفتگو

اتوار مئی 14:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات فیصلہ کن معرکہ ثابت ہوگا اور منفی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہو جائے گی ،موجودہ حکومت نے دن رات کی کوششوں سے ملک سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے دور کئے ہیں ، ملکی ترقی کی راہ میں سپیڈ بریکر بنانے والی پی ٹی آئی انتخابی میدان میں واضح شکست سے دوچار ہو گی ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوںنے وفاقی وزیر بلیغ الرحمان، وزیر مملکت عابد شیر علی ،ملک شبیر کھوکھر، عمران گورائیہ، سید توصیف شاہ اور دیگر سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ، حلقہ بندیوں سمیت آئندہ کے لائحہ عمل بارے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے اپنے منشور کے مطابق پانچ سالوں میں عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنایا جبکہ اس کے مقابلے میں اپوزیشن نے سوائے دھول اڑانے کے کوئی کام نہیں کیا ۔

(جاری ہے)

عام انتخابات میں عوام جھوٹ کی سیاست کرنے والوں سے ضرور سوال پوچھیں گے اور پھر ان کی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہو جائے گی ۔انہوںنے کہا کہ ہمارا واضح چیلنج ہے کہ انتخابی میدان لگنے والا ہے اور دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا ۔ حکومت نے مشکلات اور رکاوٹوںکے باوجودملک و قوم کی خدمت اور ترقی کا سفر جاری رکھا اور ہم اسی بنیاد پر سرخرو ہوںگے ۔