ٹھٹھہ،رمضان المبارک کے آغاز میں ہی اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ

خصوصاً پھلوں کی قیمتیں عوام کی قوت خرید سے باہر

اتوار 20 مئی 2018 19:10

ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2018ء) رمضان المبارک کے آغاز میں ہی ٹھٹھہ میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ، خصوصاً پھلوں کی قیمتیں عوام کی قوت خرید سے باہر۔ تفصیلات کے مطابق ماہ صیام کے آغاز سے ہی ٹھٹھہ میں گراں فروش سرگرم ہوگئے ہیں، پھلوں اور سبزیوں کے اسٹالز سے نرخ نامے غائب ہیں اور زائد منافع خوروں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے من مانی قیمتیں مقرر کردیں ہیں، قیمتوں میں بڑے پیمانے پر اضافے کے باعث اشیائے خورد و نوش عام آدمی کے قوت خرید سے باہر ہوگئے ہیں، ٹھٹھہ کے شاہی بازار میں پھلوں کے مختلف اسٹالز پر گولڈن سیب 300 روپے، سیب 100 روپے، کینو 130 روپے، زرد آلو 200 روپے، چیکو 100 روپے، سردہ 100 روپے، آڑو 200 روپے، کیلے 100 روپے فی درجن، خربوزہ پچاس روپے، آم 150 روپے اور آلو بخارے 300 روپے فی کلو فروخت کیے جا رہے ہیں جبکہ اسی طرح سبزیوں کی قیمتوں میں بھی خاصہ اضافہ کردیا گیا ہے، سبزیوں میں سے بھنڈی 100 روپے، گوار 80 روپے، لوکی 60 روپے، ٹماٹر 70 روپے، مرچ 200 روپے، کھیرا 80 روپے اور توری 60 روپے کلو میں فروخت کیے جا رہے ہیں، دریں اثنا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گراں فروشی اور زائد منافع خوری کو روکنے کے لیے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے ہیں اور مارکیٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا عملہ بھی غائب ہے جس کے باعث لوگ مہنگے داموں اشیائ خریدنے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت ماہ رمضان میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں کو ضابطے میں لانے کے لیے عملی اقدامات کرے تاکہ شہریوں کو مناسب داموں پر معیاری اشیاء میسر آ سکیں۔#

متعلقہ عنوان :