اسرائیل نے نہتے فلسطینی مسلمانوں پر ظلم کی انتہا کر دی ، اسلامیان عالم اسرائیلی بربریت پر سراپا احتجاج ہیں، شاہ محمد اویس نورانی

اتوار 20 مئی 2018 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ امریکہ نے القدس میں سفارت خانہ قائم کر کے اسرائیل نوازی کا ثبوت دیا ہے۔ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینا عالمی قوانین کے منافی ہے۔ اسرائیل نے نہتے فلسطینی مسلمانوں پر ظلم کی انتہا کر دی ہے۔

اسلامیان عالم اسرائیلی بربریت پر سراپا احتجاج ہیں۔ اقوام متحدہ اور عالمی دنیا فلسطینیوں کو اسرائیلی ظلم سے نجات دلائیں۔ مسلم حکمران فلسطین میں جاری اسرائیل کے ظلم پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ اسلامی سربراہی کانفرنس بلا کر اسرائیل کا ظلم روکنے کے لئے مشترکہ لائحہ عمل بنایا جائے۔

(جاری ہے)

مظلوم فلسطینیوں کو مسلمان ہونے کی سزا دی جا رہی ہے۔

میڈیا کو جاری کئے گئے بیان میں شاہ اویس نورانی نے مزید کہا ہے کہ امریکہ نے القدس میں اپنے سفارت خانے کا افتتاح کر کے امت مسلمہ کی غیرت کو للکارا ہے۔ امریکہ کی اسرائیل نوازی عالمی امن کے لئے خطرہ بن چکی ہے۔ مسلم ممالک قبلہ اوّل کی آذادی کے لئے مشترکہ کوششیں کریں۔ فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی پر عالمی ضمیر کیوں خاموش ہے۔ مسلمان جرم ضعیفی کی سزا بھگت رہے ہیں۔ مسلمانوں کو آج پھر صلاح الدین ایوبی جیسی قیادت کی ضرورت ہے۔ مسلم حکمران اسلام دشمن طاقتوں کے ایجنٹ بن چکے ہیں اور امت مسلمہ کا کوئی پرسان حال نہیں۔ فلسطینی مسلمانوں کا بہتا خون انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو کیوں دکھائی نہیں دیتا۔