مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے سٹار بکس کے نام سے جعلی کافی بنانے والے ہوٹل آپشن انٹرنیشنل کو شوکاز نوٹس جاری کردیا

مذکورہ ہوٹل امریکہ کی ریاست میں رجسٹرڈ انٹرنیشنل کافی چین کے نام سے پاکستان میں کافی فروخت کر رہا تھا جبکہ ادارے کا پاکستان میں کوئی فرنچائز نہیں

منگل 22 مئی 2018 19:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2018ء) مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے سٹار بکس کے نام سے جعلی کافی بنانے والے ہوٹل آپشن انٹرنیشنل کو شوکاز نوٹس جاری کردیاہے ،مذکورہ ہوٹل امریکہ کی ریاست میں رجسٹرڈ انٹرنیشنل کافی چین کے نام سے پاکستان میں کافی فروخت کر رہا تھا جبکہ ادارے کا پاکستان میں کوئی فرنچائز نہیں ہے ،مسابقی کمیشن نے ہوٹل مالکان کو 14دنوں کے اندر اندر پیش ہونے کی ہدایت کی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست واشنگٹن میں رجسٹرڈانٹرنیشنل کافی چین (Coffee Chain) سٹاربکس نے لاہور کے ایک مقامی ریسٹورنٹ آپشز کافی اینڈمورکے خلاف سی سی پی کو شکایت کی کہ وہ دھوکہ دھی سے اس کے آفیشل ٹریڈ مارک - " سٹاربکس کافی-" کا استعمال کر کے صارفین کو گمراہ کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے کاروباری مفادات کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

(جاری ہے)

سٹاربکس نے کہا کہ اس کی پاکستان میں کو ئی بھی فرنچائز نہیں ہے۔

سی سی پی کی جانب سے اس معاملے پر بنا ئی گئی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق آپشن نہ صرف اپنے کیفے کے مرکزی سائن بورڈ پر بلکہ اپنے پیکیجنگ میٹیریل، مگس، مینیوز،ویب سائیٹ اور فیس بک پیج پر بھی سٹار بکس کے ٹریڈ مارک کا استعمال کر رہا تھا ۔ آپشن یہ دعوہ بھی کر رہا تھا کہ کہ وہ سٹاربکس مشینوں میں تیارکردہ اصل سٹاربکس کافی صارفین کے لئے پیش کر رہاہے۔

انکوائری رپور ٹ کے مطابق مندرجہ بالا جھوٹے دعوہ جات کر کے اور صارفین کو گمراہ کر کے آپشن انٹرنیشنل بادی النظر میںکمپیٹیشن ایکٹ کے سیکشن 10کی خلاف ورزی کرنے اور سٹاربکس کے کاروباری مفادات کو نقصان پہنچانے کا باعث بنا ہے۔آپشن انٹرنیشنل نے خود بھی تسلیم کیا ہے کہ اگرچہ وہ سٹاربکس کافی کی فروخت کر رہاہے ، لیکن وہ سٹاربکس انٹرنیشنل کا فرنچائز ہولڈر نہیں ہے۔انکوائری رپورٹ کے مطابق کسی معاہدے کے بغیر آپشن انٹرنیشنل کو ایسا کوئی حق حا صل نہیں کہ وہ سٹاربکس کافی کی فروخت کرے اور ایسے دعوہ جات کرے۔اس لیے سی سی پی نے آپشن انٹرنیشنل کو شو کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 14دن کے اندر کمیشن کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔ ۔۔۔۔۔اعجاز خان