داعش کو افغانستان میں بے بی پاؤڈر سے مدد مل رہی ہے،رپورٹ

بدھ 23 مئی 2018 15:10

نیویارک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) افغانستان میں دہشت گرد عسکری گروپ داعش اپنی سرگرمیوں کے لیے فنڈز اکھٹا کرنے کی غرض سے ہر سال غیر قانونی کان کنی کے ذریعے لاکھوں ڈالر اکھٹے کر رہا ہے۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق عالمی نگرانی سے متعلق ایک گروپ کی طرف سیاپنی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ داعش افغانستان میں غیر قانونی کان کنی سے ٹیلک پاؤڈر بنا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

گروپ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹیلک پاؤڈر کی آخری منزل امریکا یا یورپ ہوتی ہے، جسے بے بی پاؤڈر، صابن، کاسمیٹک مصنوعات اور کئی صنعتوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔گلوبل وٹنس ایڈوکیسی گروپ کی رپورٹ میں افغانستان کی کان کنی کی وزارت کے حوالے سے انکشاف کیا گیا ہے کہ اس سال مارچ تک تقریباً 5 لاکھ ٹن ٹیلک برآمد کیا گیا۔گلوبل وٹنس کے ایک ڈائریکٹر نک ڈونووین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی اور یورپی صارفین یہ مصنوعات خرید کر لاعلمی میں افغانستان کے انتہاپسند گروپوں کی مدد کر رہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ٹیلک کی درآمد اور برآمد پر کڑی نگرانی کی ضرورت ہے۔