گورنر سندھ محمد زبیر کا بوہری کمیونٹی کی طاہری مسجد کا دورہ

بدھ مئی 16:50

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مئی2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے منگل اور بدھ کی شب بوہری کمیونٹی کی طاہری مسجد، صدر کا دورہ کیا اور پاکستان میں بوہری دائودی کمیونٹی کراچی کے انچارج جوزر بھائی صاحب سے ملاقات کی۔ اس موقع پر یوسف خان، مستنصر پونا والا اور بوہری کمیونٹی کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے مسجد کے مختلف حصوں کو دیکھا اور مذہبی نقوش پر مشتمل فن تعمیر کو سراہا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ بوہری کمیونٹی پرامن، تعلیم یافتہ اور قومی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کررہی ہے، بوہری کمیونٹی نے کراچی کے مشکل حالات میں بھی کاروباری سرگرمیوں کو جاری رکھا جس سے قومی معیشت کو استحکام حاصل رہا جو کہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر میں فن تعمیر کی شاہکار طاہری مسجد بوہری کمیونٹی کی مذہب سے جذباتی حد تک لگائو کا واضح اظہار ہے، مخصوص ثقافت کی حامل کمیونٹی نے ہمیشہ امن، محبت، اتحاد، یکجہتی اور افہام و تفہیم کا درس دیا جو کہ قابل تقلید ہے۔

(جاری ہے)

بوہری کمیونٹی کے انچارج نے طاہری مسجد آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گورنرسندھ صوبہ کی ترقی و خوشحالی، مختلف اکائیوں کے درمیان اتحاد و یگانگت اور معاشرہ سے عدم برداشت کے رویہ کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ قومی معیشت میں اہم کردار ادا کررہے ہیں جو کہ نہایت خوش آئند ہے۔