بھارت،جہیز کے نام پر قتل کاسلسلہ جاری،2بیٹیوں کی ماں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا

بدھ 23 مئی 2018 23:18

سنبھل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مئی2018ء) بھارت میں جہیز کے نام پر قتل کاسلسلہ جاری ہے،جہیز کے لالچ میں 2بیٹیوں کی ماں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں جہیز کے نام پر قتل کئے جانے کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔جہیز کے لالچ میں 2بیٹیوں کی ماں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق 3سال قبل نشا کی شادی مکرم پور کے صائم علی سے ہوئی تھی ۔

شادی کے 2ماہ بعد سے ہی آپس میں جھگڑا شروع ہوگیا۔نشا کے خاندان والوں کا الزام ہے کہ نشا اکثر فون پر کہا کرتی تھی کہ سسرال والے 4پہیہ گاڑی کا مطالبہ کررہے ہیں۔نشا کے بھائی ابوالحسن نے بتایا کہ رات ایک بجے اس کی بہن کو سسرال والوں نے قتل کردیا۔اطلاع ملتے ہی ہم مکرم پور پہنچے تو سسرال والے گھر سے فرار ہوچکے تھے۔

(جاری ہے)

اطلاع ملتے ہی نائب تحصیل دار ، سی اور تھانہ نخاسا کی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جہیز کے مطالبے پر قتل کا مقدمہ درج کرایا۔

نشا کی بڑی بیٹی عافیہ کی عمر 2سال اور چھوٹی بیٹی رقیہ 7ماہ کی ہے۔ نشا کے سسر ثاقب علی نے کہا کہ میرابیٹا صائم علی محنت مزدوری سے بیوی بچوں کا پیٹ پالتا تھا۔ بہو کی 3دن قبل طبیعت خراب ہوئی جس سے اس کی موت ہوگئی۔ انہوں نے جہیز کے لالچ میں قتل کے الزامات مسترد کردیئے۔پولیس نے لاش قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دی اور واقعہ کی تحقیقات شروع کردی۔