موبائل فونز کی درآمد میں رواں مالی سال کے دوران 18.56 فیصداضافہ

جمعرات 24 مئی 2018 10:40

موبائل فونز کی درآمد میں رواں مالی سال کے دوران 18.56 فیصداضافہ
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) رواں مالی سال 2017-18ء کے دوران موبائل فونز کی قومی درآمدات میں 18.56 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ادارہ برائے شماریات پاکستان ( پی بی ایس) کے اعدادو شمار کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی دس ماہ میں جولائی تا اپریل 2017-18ء کے دوران موبائل فونز کی درآمدات کا حجم 678.6 ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران موبائل فونز کی درآمدات کا حجم 572.38 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے دس مہینوں میں درآمدات میں 18.56 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ پی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق اپریل 2017ء کے مقابلہ میں اپریل 2018ء کے دوران موبائل فونز کی درآمدات میں 57.56 فیصد کے اضافہ سے درآمدات کا حجم 47.938 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 75.532 ملین ڈالر تک بڑھ گیا ۔