ْ بجلی کے بحران کے باعث حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں شہری مشکلات کا شکار ہیں،عبدالجبار خان

جمعرات 24 مئی 2018 21:36

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی رہنما اور وزیراعلیٰ سندھ کے سابق مشیر عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ بجلی کے بحران کے باعث حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں شہری مشکلات کا شکار ہیں۔ وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں کی سزا عام شہریوں کو مل رہی ہے۔ شدید گرمی اور رمضان میں 10سے 14گھنٹے کی بجلی کی بندش نے لوگوں کا جینا دوبھر کردیا ہے۔

شہری اور دیہی علاقوں میں لو وفاقی حکومت کیخلاف احتجاج کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مشتعل افراد کی وجہ سے اب واپڈا کے ملازمین بھی غیر محفوظ ہوگئے ہیں۔ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے 5سال اقتدار میں عوام کو بیوقوف بنانے کے سوا کچھ نہیں کیا اور اب جبکہ اُن کے اقتدار کی مدت ختم ہوگئی ہے تو ایک مرتبہ پھر عوام کو بیوقوف بنانے کیلئے جھوٹے وعدے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ اس وقت بھی ملک پر مسلم لیگ(ن) کی حکومت ہے لیکن عوام کو نہ تو ریلیف ملا ہے اور نہ ہی 2013ء کے انتخابات میں عوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے گئے ہیں۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ بجلی کے بحران پر فوری طورپر قابو پاکر اس مسئلے کو حل کیا جائے۔