چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ کی لیسکو کے تمام بجلی نادہندہ گورنمنٹ اداروں کے خلاف ایکشن کی ہدایت

جمعرات 24 مئی 2018 23:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2018ء) لیسکونے بجلی نادہندگان کے خلاف سخت اقدامات کا آغاز کردیا ہے اورایسے تمام بجلی نادہندہ گورنمنٹ اداروںکی بجلی منقطع کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے جو لیسکو کے نادہندہ ہیں اور جن کے ذمے لیسکو کی کروڑوں کی رقم واجب الادا ہے۔ چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے شعبہ آپریشن کے تمام افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ لاہور سمیت ریجن بھر میں ڈیڈ ڈیفالٹرز کے خلاف بھرپور ایکشن کیا جائے اور تمام نادہندگان سے بقایا جات کی وصولی کوہر صورت یقینی بنایا جائے اور ان کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے ۔

اس ضمن میں آج لیسکو کے مختلف سرکلز میں نادہندگان کے خلاف ایکشن کرتے ہوئے کوٹ لکھپت جیل ، پنجاب اسمبلی ہال، پنجاب کو آپریٹوبورڈ، دفتر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریجنل پاسپورٹ ، ڈی جی ہیلتھ، ڈینٹل کالج،دفتر ٹی ایم اے عزیز بھٹی، اے آئی جی فنانس پولیس، اور ایریگیشن سمیت متعدد ذیلی دفاتر کی بجلی منقطع کی گئی۔

(جاری ہے)

کوٹ لکھپت جیل کے ذمے بجلی بلوں کی مد میں 62 ملین سے زائد، دفتر ٹی ایم اے عزیز بھٹی 13ملین سے زائد جبکہ اے آئی جی فنانس پولیس کے ذمے سات لاکھ بارہ ہزار کی رقم واجب الادا ہے۔

چیف ایگزیکٹو لیسکو کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف ہسپتالوں ، واسا اور پنجاب پولیس ڈیپارٹمنٹ سمیت کئی دیگر ادارے لیسکو کے کئی ملین کے نادہندہ ہیں اور یہی وجہ ہے کہ لیسکو کو ریکوری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لیسکو میں پرائیوٹ نادہندگان سے بھی ریکوری کی مہم جاری ہے مگر گورنمنٹ کے وہ ادارے جو لیسکو کی بجلی استعمال کررہے ہیں ان سے بھی بلوں کی ادائیگی کوہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور اس ضمن میں کوئی عذر قبول نہیں کیا جائے گا۔واضح رہے کہ لیسکو کے تمام سرکلزمیں ریکوری ، ڈیڈ ڈیفالٹرز سے واجبات کے حصول اور بجلی چوروں کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے۔