شاہ محمود قریشی بہت جلد تحریک انصاف میں عبرت کا نشان بننے والے ہیں،محمد علی درانی

بہاولپور صوبہ قائداعظم کا فیصلہ اور شہداء کی امانت ہے،قائد اورشہداء کی توہین پر شاہ محمود معافی مانگے بہاولپور صوبہ کے خلاف غداری اور شرارت کرنے والا یحییٰ خان کی طرح تاریخ کے کوڑے دان میں جائے گا سابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات محمد علی درانی کی پی ٹی آئی راہنما کے بیان کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو

جمعہ 25 مئی 2018 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے کہا ہے کہ بہاولپور صوبہ قائداعظم کا فیصلہ اور شہداء کی امانت ہے۔ اس کے خلاف غداری اور شرارت کرنے والے شاہ محمود قریشی بہت جلد تحریک انصاف میں عبرت کا نشان بننے والے ہیں۔جمعہ کو میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ بہاولپورصوبہ کی نفی کرکے شاہ محمود نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی توہین کی ہے جس پر انہیں معافی مانگنی چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بہاولپور صوبہ قائداعظم کا فیصلہ اور ایک تاریخی، قانونی وآئینی حقیقت ہے۔ جس کا انکار کرکے شاہ محمود قریشی یحیٰی خان کے پیروکار بن گئے ہیں۔ محمد علی درانی نے کہاکہ بانی پاکستان کے وعدے کو دفن کرنے اور اہل بہاولپور کے حقوق کا قتل عام کرنے والا ہر مخالف یحیی خان کی طرح تاریخ کے کوڑے دان میں جائے گا۔ کیونکہ بہاولپور صوبہ کی بنیاد میں شہداء کا خون شامل ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ شاہ محمود قریشی بہاولپور سے ہی نہیں سرائیکی صوبے سے بھی غداری کررہے ہیں۔