ٹھٹھہ، سندھ اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے، امیر بھنبھرو

سندھی ادیب اور دانشور وہ کردار ادا کریں جو انہوں نے ون یونٹ کے دور میں ادا کیا تھا، قومی تحریک کی قیادت کے لیے انہیں آگے آنا ہوگا ، سربراہ سندھ نیشنل پارٹی

جمعہ 25 مئی 2018 22:53

ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2018ء) سندھ نیشنل پارٹی کے سربراہ امیر بھنبھرو نے کہا ہے کہ سندھ اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے، سندھی ادیب اور دانشور وہ کردار ادا کریں جو انہوں نے ون یونٹ کے دور میں ادا کیا تھا، قومی تحریک کی قیادت کے لیے انہیں آگے آنا ہوگا اور اپنی تحریروں سے قوم کو بیدار کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

امیر بھنبھرو نے مزید کہا کہ کراچی پریس کلب کے باہر پر امن طور پر احتجاج کرنے والے خواتین پر تشدد کے خلاف اسلام آباد میں 72 گھنٹے بھوک ہڑتال کرنے والے سندھی طلبہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملکی دارالحکومت میں احتجاج کرکے حکمرانوں پر واضح کیا کہ سندھ سے مسلسل زیادتیاں برداشت نہیں کی جائیں گی اور اگر یہی رویہ رہا تو قومی یکجہتی اور اتحاد کو نقصان پہنچے گا، امیر بھنبھرو نے کہا کہ سندھ نیشنل پارٹی سندھ کے لیے عملی جدوجہد کرکے سندھ دشمن منصوبوں کو مسترد کرتی آئی ہے اور آج پھر سے سندھ پر مشکل وقت آن پڑا ہے، سندھ نیشنل پارٹی اپنا بھرپور کردار ادا کرکے اور احتجاجی تحریک جاری رکھتے ہوئے 3- جون کو سندھ سے ہونے والی زیادتیوں کے خلاف وفاقی نمائندہ گورنر ہاؤس کے باہر احتجاج کرکے وفاق پر واضح کرے گی کہ مسلسل نا انصافیوں کے باعث سندھ میں احساس محرومی جنم لے رہی ہے جوکہ ہمارے ملکی مفاد میں نہیں ہے۔

#