سردار ذوالفقار دولہہ کا شریف برادران کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار

حلقے کے عوام نے جو مینڈیٹ دیا تھا اس کی مکمل پاسداری کی ہے،سردار ذوالفقار علی خان دولہہ

جمعہ 25 مئی 2018 23:00

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2018ء) مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی سردار ذوالفقار علی خان دولہہ نے کہا ہے کہ میرے حوالے سے بے بنیاد خبریں اڑائی جا رہی ہیں ، حلقے کے عوام نے مجھے جو مینڈیٹ دیا تھا اس کی مکمل پاسداری کی ہے، میں نعرہ بازی پر یقین نہیں رکھتا ، سیاسی طور پر جہاںکھڑا ہوں وہاں موجود ہوں ،آنے والے الیکشن میں پتہ لگ جائے گا کہ مفادات کی سیاست کون کرتا ہے ۔

اخبار نویسوں سے گفتگوکرتے ہوئے سردار ذوالفقار دولہہ نے شریف برادران کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ۔ رکنپنجاب اسمبلی سردار ذوالفقار علی خان دلہہ نے مسلم لیگ سیکرٹریٹ لاہور میں چکوال کے حلقہ این اے 64دو صوبائی حلقوں پی پی اکیس اور پی پی تئیس میں ٹکٹ کے حصول کیلئے اپنی درخواستیں جمع کرادی ہیں۔

(جاری ہے)

رکن پنجاب اسمبلی سردار ذوالفقار علی خان نے مزید بتایا کہ میں کسی قیمت پر عوام کو تنہا نہیں چھوڑ سکتا، انہوںنے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے کرم سے میرے ہزاروں ساتھی چٹان کی طرح مضبوط میرے ساتھ کھڑے ہیں، انہوںنے کہا کہ میرے سیاسی مخالفین میرے خلاف ڈس انفارمیشن پھیلا رہے ہیں، اب وقت کا تقاضا ہے کہ افواہ ساز فیکٹریاں بند ہونی چاہئیں، عوام کے تعاون اور اللہ تعالیٰ کی مدد سے 2018ء کا الیکشن بھی جیت کر دکھائیں گے اور مخالفین کیلئے میدان کھلا نہیں چھوڑیں گے۔