پی پی اور متحدہ مل کر پورا زور لگا کر دیکھ لیں، آنے والا دور پاکستان تحریک انصاف کا ہوگا، صائمہ ندیم

ہفتہ 26 مئی 2018 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف ویمن ونگ کی صدر صائمہ ندیم نے کہا ہے کہ پی پی اور متحدہ مل کر پورا زور لگا کر دیکھ لیں، آنے والا دور پاکستان تحریک انصاف کا ہوگا۔ پاکستان تحریک انصاف اس وقت پورے پاکستان کی مقبول ترین اور سب سے بڑی سیاسی جماعت بن چکی ہے۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے ایک خصوصی بیان میں کہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ لوگ جوق درجوق پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ بڑی بڑی شخصیات ، فنکار اور عوام کے مقبول ترین نمائندے پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں۔ پوری پوری سیاسی جماعتیں پی ٹی آئی میں ضم ہو رہی ہیں۔ لوگ پاکستان تحریک انصاف کے نظرئیے،فلسفے اور کپتان کے جوش خطابت کے پرستار ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف دن دوگنی رات چوگنی ترقی کر رہی ہے اور مخالفین جل جل کر کباب ہو رہے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ کبھی پیپلز پارٹی کے کارکنان ہمارا جلسہ خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو کبھی آر سی ڈی گرائونڈ ملیر میں ہمارے پوسٹر وغیرہ پھاڑ دئیے جاتے ہیں۔ لیکن ہم ان اوچھے ہتھکنڈوں سے پریشان ہونے والے نہیں ہیں۔ کراچی آواز دے رہا ہے۔ سندھ پکار رہا ہے اور پاکستان گواہی دے رہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اس ملک پر راج کرے گی اور غریب عوام کی قسمتیں بدل جائیں گی۔ پی پی اور متحدہ نے کراچی کو تباہ اور سندھ کو برباد کردیا ۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنائے گی اور سندھ کا نقشہ بدل کر رکھ دے گی۔ کراچی، سندھ اور پورے پاکستان کے عوام کو چاہئے کہ اس بار کپتان کو ایک موقع دیں۔ ہم ثابت کردیں گے کہ ہم سے بہتر کوئی نہیں۔