فاٹاکو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کی خوشی میں عوامی نیشنل پارٹی بنوں کے زیراہتمام مشعل بردار ریلی نکالی گئی

ہفتہ 26 مئی 2018 23:07

بنوں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مئی2018ء) فاٹاکو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کی خوشی میں عوامی نیشنل پارٹی بنوں کے زیراہتمام مشعل بردار ریلی نکالی گئی ، انضمام کے فیصلے کو ملکی استحکام کا ضامن قرار دے دیامیلاد پارک بنوں سے نکالی جانے والی ریلی مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی بنوں پریس کلب پہنچی جہاں پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے ضلعی صدر حاجی عبدالصمد خان ،شیر ولی باغی ،عرفان پیر زادہ ایڈووکیٹ، ندیم عسکر، حکمت پختون ، مرید حیات، پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن کے ضلعی صدر حامد سورانی ، انور باچہ عبدالصمد خان و دیگر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاٹاکو خیبر پختونخوا میں انضمام سے ہمارا مطالبہ پور ی طرح مکمل نہیں ہوا بلکہ یہ تو ہماری منزل کی طرف قدم ہے ،اب دوسرے مرحلے میں ان حقوق کیلئے جدو جہد کریں گے جس سے فاٹا کے عوام کو گزشتہ 70سالوں سے محروم رکھا گیا جبکہ تیسرے مرحلے میں ملک میں جائز اختیار مانگیں گے جو اختیار پشتون اکابرین کا ہمیشہ سے چلا آ رہا تھا ،اس جدو جہد میں ہم اُن بھائیوں کو بھی ساتھ لیکر چلیں گے جو فاٹا انضمام پر ناراض ہیں ہم اُنہیں انشاء اللہ منائیں گے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی روز اول سے فاٹا انضمام کیلئے کوشاں تھی فاٹا کے عوام نے بہت سی تکالیف اُٹھائی اب وقت آ گیا ہے کہ یہاں پر ترقیاتی کام کئے جائیں اور حلقہ بندیوں پر کام مکمل کیا جائے تاکہ قبائلی عوام آنے والے انتخابات میں صوبائی اسمبلی کیلئے اپنے نمائندہ منتخب کر سکیں ۔