وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت مشترکہ مفادات کونسل کا 38 واں اجلاس

پانی کی دستیابی اور ترسیل کے معاملے پر اٹارنی جنرل کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ

اتوار 27 مئی 2018 21:20

اسلام آباد۔27 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) نے پانی کی دستیابی اور اس کی ترسیل کے معاملے کا جائزہ لینے کیلئے اٹارنی جنرل آف پاکستان کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے ، کمیٹی میں ہر صوبے سے ایک ایک نمائندہ شامل ہوگا ۔ اتوار کو مشترکہ مفادات کونسل کا 38 واں اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت میں یہاں وزیراعظم ہائوس میں منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، صوبوں کے چیف سیکرٹریوں اور سینئر حکام نے شرکت کی۔ کمیٹی اپنی سفارشات آئندہ اجلاس میں پیش کرے گی۔ اجلاس میں وزارت آبی وسائل کی طرف سے ملک میں پانی کی دستیابی اور پانی کی ترسیل کے معاہدے 1991ء کے تحت صوبوں کو پانی کی فراہمی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔