فاٹا کا کے پی کے میں انضمام احسن اقدام ہے ،فاٹا بل کی منظوری سے قبائلی عوام کی دیرینہ خواہش پوری ہوگئی ، جے یوآئی (ف) کا احتجاج نا مناسب ہے،اعجازا حمد چوہدری

اتوار 27 مئی 2018 21:40

لاہور۔27 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما اعجازا حمد چوہدری نے کہاہے کہ فاٹا کا کے پی کے میںانضمام احسن اقدام ہے ، فاٹا بل کی منظوری سے جہاں پارلیمنٹ کا وقار بحال ہوا ہے وہاں پر قبائلی عوام کی دیرینہ خواہش بھی پوری ہوگئی ہے کیونکہ یہ لوگ گزشتہ کئی دہائیوں سے یہ آس لگائے ہوئے تھے ، انضمام پر جے یوآئی (ف) کا احتجاج غیرمناسب ہے ۔

وہ گزشتہ روز این اے 133پی پی 166چونگی امرسدھو میں رہنما جہانگیر احمد مغل کی ساتھوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت ، چونگی امرسدھو سے ہی شیعہ کمیونٹی کے سربراہ اعجازشاہ کی رہائش گاہ پر عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی حمایت اور افطار ڈنر کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ،تحریک انصاف آئندہ الیکشن میں حیران کن کامیابی حاصل کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کو فاٹا سمیت ملک بھر میں ایسے اقدامات کو عملی جامہ پہنانا ہوگا جس سے عوام کا معیار زندگی بلند ہو اور وہ ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوسکیں ، اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ قبائلی علاقوں میں جب پاکستانی قانون کا اطلاق ہوگا تو اس میں مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑے گا مگر اس کے باوجود خوش آئند امر یہ ہے کہ فاٹا کی عوام کو دیرینہ مطالبہ پورا ہوگیا ہے ، اس بل کی منظوری سے ملک دشمن عناصر کو منہ کی کھانی پڑی ہے کیونکہ ان لوگوں کی شروع دن سے ہی یہی کوشش تھی کہ فاٹا انضمام کے مسئلے کو طول دیا جائے ۔