سی پیک زونز میں سرمایہ کاروں کیلئے خصوصی پیکیج سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا‘شفیق اے نقی

نئی قائم کی جانیوالی انڈسٹریل اسٹیٹس کو سپیشل اکنامک زونز کا درجہ دینے سے غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھے گی،سی پیک زونز میںپاکستانی،چینی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو یکساں مراعات سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا‘چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن

پیر 28 مئی 2018 13:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2018ء) چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن ڈاکٹر شفیق اے نقی نے وفاقی حکومت کی جانب سے ملک میں سی پیک کے تحت قائم ہونے والے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کیلئے خصوصی پیکیج کے تحت ڈیوٹی و ٹیکسوں میں خصوصی رعایت سمیت دیگر مراعات دینے کے اصولی فیصلہ کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک زونز میں سرمایہ کاروں کیلئے خصوصی پیکیج سے ملک بھر میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا ،نئی قائم کی جانیوایل انڈسٹریل اسٹیٹس کو سپیشل اکنامک زونزکا درجہ دینے سے غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھے گی جسے سے ملک معاشی طور پر مستحکم ہوگا اور حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ سے ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے سینئر وائس چیئرمین میاں شہریار علی ،حافظ ایم عمران حمید وائس چیئرمین کے ساتھ ٹائون شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

شفیق اے نقی نے کہا کہ سی پیک زونز میں صنعتوں کے قیام کیلئے پاکستانی ،چینی اور غی ملکی سرمایہ کاروں کو یکساں خصوصی مراعات کی فراہمی سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا اور ان اقدامات کے تحت خصوصی اقتصادی زونز میں نئی صنعتوں کے قیام کے لیے خام مال اور پلانٹس و مشینری و دیگر آلات پر سرمایہ کاروں کو ڈیوٹیوں اور ٹیکسوں سے استثنیٰ اور رعایتی قرضوں سمیت خصوصی مراعات سے ملکی سرمایہ کار بھی خوشدلی سے ان زونز میں نئی صنعتوں کے قیام کیلئے خدمات سرانجام دینگے۔

نئے انڈسٹریل اسٹیٹ میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے نئے صنعتی یونٹس کے قیام سے نہ صرف روز گار کے لاکھوں مواقع فراہم ہونگے بلکہ ان یونٹس کے قیام سے ملکی برآمدات میں اضافہ اور تجارتی خسارہ میں کمی ہوگی ۔