Live Updates

خیبر پختونخواہ کے نگراں وزیراعلیٰ کا معاملہ بھی لٹک گیا

منظورآفریدی کا نام عمران خان نے مسترد کردیا‘اسمبلی کی آئینی مدت آج ختم ہوجائے گی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 28 مئی 2018 13:53

خیبر پختونخواہ کے نگراں وزیراعلیٰ کا معاملہ بھی لٹک گیا
پشاور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28 مئی۔2018ء) خیبر پختونخواہ کے نگراں وزیراعلیٰ کیلئے منظورآفریدی کا نام تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مسترد کردیا ہے۔تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق عمران خان نے پرویز خٹک کو نگراں وزیراعلیٰ کے لیے دوسرا نام دینے کی ہدایت کردی ہے۔وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے ترجمان شوکت یوسف زئی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ نگراں وزیراعلیٰ سے متعلق رات کو مشاورتی اجلاس ہوا ہے جبکہ آج پرویز خٹک اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان مشاورت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ منظور آفرید ی کا نام نہ فائنل ہوا تھا اور نہ ہی ڈراپ ہوا ہے، اپوزیشن لیڈر نے جو نام دیا ہے اس پر اپوزیشن جماعتوں نے اعتراض کیا ہم نے نہیں۔واضح رہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کی آئینی مدت آج ختم ہوجائے گی اور نگران وزیراعلی کی نامزدگی کا اعلان بھی آج متوقع ہے۔

(جاری ہے)

خیبرپختونخواہ اسمبلی کا الوداعی اجلاس بھی آج ہورہا ہے۔نگران وزیراعلی کے لیے منظورآفریدی کے نام پراتفاق ہوا ہے تاہم اسمبلی اجلاس میں دیگر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اعتراضات پر وزیراعلی نے نگران وزیراعلی کے معاملے پرمشاورت کی دعوت دے دی ہے جس کے بعد نگران وزیراعلی کی تقرری کا اعلان بھی آج متوقع ہے-اپوزیشن لیڈرمولانا لطف الرحمان کے مطابق وزیراعلی کے ہمراہ آج پریس کانفرنس کی جاسکتی ہے جس میں نگران وزیراعلی کا اعلان کریں گے اوراس میں واضع ہوجائے گا کہ کیسے نگران وزیراعلی کے نام پراتفاق کیا گیا۔

دوسری جانب وزیراعلی پرویزخٹک اوروزراءسرکاری رہائش گاہوں سے اپنے سامان منتقل کرچکے ہیں۔واضع رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت دوسری حکومت ہے جو اپنی آئینی مدت پوری کررہی ہے اس سے قبل اے این پی اورپیپلزپارٹی کی اتحادی حکومت نے اپنی آئینی مدت پوری کی تھی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات