نگران وزیر اعظم کے نام پر اتفاق ِ رائے آئین و جمہور کی حکمرانی کی جانب اہم قدم ہے‘خواجہ سعد رفیق

پیر 28 مئی 2018 14:21

نگران وزیر اعظم کے نام پر اتفاق ِ رائے آئین و جمہور کی حکمرانی کی جانب ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2018ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے جسٹس ناصر الملک کے نام پر سیاسی اتفاق ِ رائے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نگران وزیر اعظم کے نام پر اتفاق ِ رائے آئین و جمہور کی حکمرانی کی جانب اہم قدم ہے ۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ اللہ کریم ناصر الملک کو بروقت آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کی توفیق عطا فرمائیں۔

انہوں نے یوم تکبیر کے حوالے سے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کو یوم ِ تکبیر مبارک ہو ، نواز شریف حکومت نے بے پناہ عالمی دبا کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ،بڑی طاقتوں کی دھمکیاں مسترد کیں ۔ذاتی یا اجتماعی مالی مفادات کی پیشکش کو ٹھکرایا،نواز شریف کی جرت اور حب الوطنی کو سلام پیش کرتے ہیں ،الحمد للہ ایٹمی پاکستان نے بھارت کے جارحانہ عزائم کو خاک میں مِلا دیا ۔

(جاری ہے)

خواجہ سعد رفیق نے کا کہ ہماری ایٹمی صلاحیت صرف دفاع وطن کے لئے ہے کسی کے خلاف جارحیت کے لئے نہیں ۔انہوں نے کہا کہ بدلی جس دن تقدیر یوم ِ تکبیر،پاکستان ناقابل ِ تسخیر ،شکریہ نواز شریف ،شکریہ اٹامک انرجی کمشن ۔شکریہ کہوٹہ ریسرچ لیبارٹریز،شکریہ اے کیو خان / ثمر مبارک مند،شکریہ افواج پاکستان ،شکریہ بھٹو ۔ضیاء الحق ،جونیجو ،غلام اسحاق اور بے نظیر ۔