امید ہے کہ نگران وزیر اعظم ملک میں شفاف اور منصفانہ انتخابات کاانعقادکرائیں گے‘میاں مقصود احمد

پاکستان نازک دور سے گزررہا ہے،جمہوریت کی مضبوطی سے ہی ملک کادفاع مضبوط بنایاجاسکتاہے‘امیر جماعت اسلامی پنجاب

پیر 28 مئی 2018 17:34

امید ہے کہ نگران وزیر اعظم ملک میں شفاف اور منصفانہ انتخابات کاانعقادکرائیں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ جسٹس(ر)ناصر الملک کوبطورنگران وزیراعظم نامزدکرنے کے فیصلے کاخیر مقدم کرتے ہیں اور امید ظاہرکرتے ہیں کہ نگران وزیر اعظم آئین وقانون کے مطابق ملک میں شفاف اورمنصفانہ انتخابات کاانعقاد یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ جسٹس(ر)ناصر الملک متوازن شخصیت کے مالک اور بے داغ کردار کے حامل ہیں ان کابطورنگران وزیر اعظم کے لیے انتخاب کیاجاناخوش آئند ہے۔انتخابات کے انعقاد میں ایسی شخصیت ہی کی ضرورت تھی جو غیر متنازع ہو۔اس فیصلے سے پارلیمان نے اچھی روایت قائم کی ہے۔حکومت اور اپوزیشن نے ثابت کردیا ہے کہ جمہوریت پر کسی قسم کی کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ امر باعث مسرت ہے کہ سیاستدان بالغ نظری کامظاہرہ کررہے ہیں اور اتفاق رائے سے ملک وقوم کے مستقبل کے فیصلے کیے جارہے ہیں۔عام انتخابات کے بروقت انعقاد سے ہی ملک وقوم کوخوشحالی اور ترقی کے راستے پر گامزن کیاجاسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ ناصر الملک باکردارجج رہے ہیں اور پورے ملک میں ان کانام عزت سے لیاجاتا ہے۔آئین کے مطابق ملک وقوم کی تقدیر کے فیصلے ہونے سے ہی جمہوری عمل کو تقویت ملے گی۔

جسٹس(ر)ناصر الملک پاکستان کے ساتویں نگران وزیر اعظم ہوں گے اس لیے شفاف انتخابات کی بڑی اور اہم ذمہ داری ان کے کندھوں پر آگئی ہے۔انہوں نے کہاکہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں عوام کے جذبات کوشدیدٹھیس پہنچائی جاتی رہی ہے۔اب وقت آگیا ہے کہ ملک کو آئین وقانون کے مطابق چلایاجائے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اس وقت نازک دور سے گزررہا ہے۔چاروں طرف سے دشمن حملہ آور ہیں۔وطن عزیز کی مشرقی اور مغربی سرحدیں محفوظ نہیں ہیں ایسی صورتحال میں جمہوریت کے استحکام کے لیے تمام دینی وسیاسی جماعتوں کومل کرکام کرنا چاہئے۔جمہوریت کی مضبوطی سے ہی ملک کادفاع مضبوط بنایاجاسکتاہے۔