اکادمی ادبیات میں نو تعمیر فیض احمد فیض آڈیٹوریم کا افتتاح کر دیا گیا

یہ آڈیٹوریم اسلام آباد کی علمی، ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کا وسیلہ بنے گا، عرفان صدیقی

پیر 28 مئی 2018 17:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مئی2018ء) مشیر وزیراعظم برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ معاشرے میں امن، خیر سگالی اور تحمل و برداشت کے لیے علمی وا دبی سرگرمیوں کا فروغ اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بات پیر کے روز اکادمی ادبیات میں نو تعمیر شدہ فیض احمد فیض آڈیٹوریم کا رسمی افتتاح کرتے ہوئے کہی۔

اس آڈیٹوریم میں 450نشستیں لگائی گئی ہیں جبکہ گیلری میں بھی خاصی تعداد میں افراد کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔ آڈیٹوریم کی زیریں منزل (Basement) میں بھی 300کے لگ بھگ افراد سما سکتے ہیں۔ اس آڈیٹوریم کی تعمیر پر 9کروڑ روپے کے قریب لاگت آئی ہے۔ عرفان صدیقی نے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جدید سہولیات سے آراستہ یہ عظیم الشان آڈیٹوریم اسلام آباد میں علمی، ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کا اہم ذریعہ بنے گا۔

(جاری ہے)

مشیر وزیراعظم نے ادارہٴ فروغِ قومی زبان میں شعبہ خطاطی کی گیلری کا باضابطہ افتتاح بھی کیا۔ اس گیلری میں فن ِ خطاطی کے بیش قیمت نمونے رکھے گئے ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شعبہٴ خطاطی اس فن کے تحفظ اور فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے شعبہٴ خطاطی کے مختلف تربیت گاہوں اور دیگر سہولیات کا دورہ بھی کیا۔ عرفان صدیقی نے نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے سبزہ زارمیں ایک یادگاری پودا بھی لگایا۔تینوں اداروں میں عرفان صدیقی کے لئے الوداعی تقریبات کا اہتمام بھی کیا گیا جہاں علمی وادبی اداروں کی بحالی اور انہیں فعال بنانے کے سلسلے میں عرفان صدیقی کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :