وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے یو ای ٹی لاہور کے نارووال کیمپس کا افتتاح کر دیا

پیر 28 مئی 2018 23:16

وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے یو ای ٹی لاہور کے نارووال کیمپس کا افتتاح ..
لاہور۔28 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے نارووال کیمپس کی نئی بلڈنگ کا افتتاح کر دیا۔افتتاحی تقریب میںانہوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔نارووال نے گزشتہ پانچ سال میں ترقی کی منازل طے کی ہیں۔

انجینئرنگ یونیورسٹیز اورمیڈیکل کالجز کے علاوہ مختلف یونیورسٹیوں کے سب کیمپسز علاقے کی ترقی میں کلیدی کردار سر انجام دے رہی ہیں۔ نوجوانوں کیلئے تعلیم کے اعلیٰ مواقع ترقی کے نئے دور کا آغاز کر سکیں گے۔علاوہ ازیںحکومت بے روزگاری ختم کرنے کیلئے مکمل سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے تا کہ ملکی سرمایہ بہترین طور پر استعمال میں لایا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر یو ای ٹی نارووال کیمپس میں سالانہ صنعتی میلی"انڈسٹریل اوپن ہائوس اینڈ کیر یر فیئر کا بھی انعقاد کیا گیا۔وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے کہا کمیلے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اکیڈیمک انڈسٹری روابط سے ہی ملک کو بحرانی کیفیت سے عملی طور پر نکالا جا سکتا ہے۔ جامعہ پاکستان کی ترقی میں معیاری انجینئرز تیار کر کے اپنا کر دار ادا کر رہی ہے اس سلسلے میں انڈسٹری کو آگے آنا ہوگا تاکہ ملک کے اس قیمتی اثاثے اور ٹیلنٹ کو اپنے جوہر دکھانے کا موقع مل سکے۔

انہوں نے انڈسٹری کو مدعو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ وہ سال آخر کے طلبہ کو مختلف صنعتی پراجیکٹس میں مصروف کریںاور انکی صلاحیتوں کا عملی فائدہ حاصل کریں۔اس حوالے سے وائس چانسلرنے طلبہ کو ترغیب دلاتے ہوئے کہا کہ خود کو جدید تکنیکی مہارتوں سے لیس کرنے کیلیے دنیا کے تقاضوں پر گہری نظر رکھیں تاکہ انکی تعلیم انکے اور ملک کیلیے کارآمد ثابت ہو سکے۔

تقریب میں گیسٹ سپیکرزسمیت بزنس کمیونٹی اور تدریسی و انتظامی سٹاف نے شرکت کی۔واضح رہے کہ میلے میں60سے زائدکمپنیوں مے حصہ لیا اور 50 سے زیادہ اسٹالز بھی لگائے گئے ۔میلے میںطلبہ و طالبات نے 50 سے زائد پراجیکٹس کی نمائش کی اور میلے سے منسلک تربیتی پروگراموں سے حاصل انٹرویوز کی مہارتوں کے ساتھ مختلف کمپنیوں کی بھرتی ٹیموں کے سامنے پیش ہوئے۔افتتاحی تقریب میں کمپنیوں کے نمائندوں، ڈینز، اساتذہ، اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد کی موجودگی میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے مہمانِ خصوصی کو اعزازی شیلڈ بھی دی۔