حیدرآباد، پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کی20ویں سالگرہ ’’ یوم تکبیر ‘‘ حیدرآباد میں ملی جوش و جذبے سے منایا گیا،جمال عارف سہروردی

ْاس دن کی مناسبت سے ملک کی سلامتی کیلئے دعائیں مانگی گئیں اور 20ویں سالگرہ کے کیک کاٹے گئے

پیر 28 مئی 2018 23:29

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی کونسل کے رُکن جمال عارف سہروردی نے کہا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کی20ویں سالگرہ ’’ یوم تکبیر ‘‘ حیدرآباد ڈویژن کے تمام ضلعوں میں ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ انہوں نے کہاکہ اس دن کی مناسبت سے ملک کی سلامتی کیلئے دعائیں مانگی گئیں اور 20ویں سالگرہ کے کیک کاٹے گئے۔

انہوں نے کہاکہ آج سے 20برس قبل 28مئی 1998کو پاکستان نے بلوچستان کے سنگلاخ پہاڑوں میںچاغی کے مقام پر سات ایٹمی دھماکے کر کے امت مسلمہ کی پہلی اور اقوام عالم کی ساتویں ایٹمی طاقت ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔انہوں نے مسلم لیگ(ن) حیدرآباد ڈویژن کے زیر اہتمام یوم مئی کی 20ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا، انہوں نے کہاکہ 28مئی 2018کو پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کی20برس مکمل ہونے پر قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے امریکہ کے صدر بل کلنٹن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالتے ہوئے اربوں ڈالروں کی پیشکش ٹھکراتے ہوئے سات ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کو عالم اسلام کی ایٹمی قوت بنایا اور بھارت کو بتادیا کہ ہم ایٹمی قوت ہیںاور اگر ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھا گیا تو آنکھیں پھوڑ دیںگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بلاشبہ نواز شریف پاکستان کے مخلص سیاستدان ہیں اور وہ ہمیشہ عوامی رہنما رہیں گے ، لاکھ انہیں عدلیہ کے ذریعے نکالا گیا مسلم لیگ کی صدارت ختم کی گئی اور انہیں سیاست سے آؤٹ کرنے کی تمام کوششیں ناکام ثابت ہوئیں ، بلاشبہ وہ عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں اور رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی عوام کا جم غفیر مسلم لیگ (ن) کے پرچم تلے متحد ہے اور عام انتخابات میں بھاری تعداد میں شیر کو ووٹ دے کر عوام ایک بار پھر محب وطن قیادت کو کامیاب کریں گے۔