عوام بہترین منصف ہیں،میرے پانچ سالہ دورکے ترقیاتی منصوبوں اور سابقہ ادوار کے ممبران اسمبلی کے ترقیاتی منصوبوں میں موازنہ کریں،اسدقیصر

مخالفین کے پراپیگنڈوں اورمنفی ہتھکنڈوں نے میرے راستے میں رکاؤٹیں ڈالنے کی کافی کوششیں کیں ،کوئی کامیاب نہ ہوسکا،سپیکر خیبرپختونخو اسمبلی

منگل 29 مئی 2018 21:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2018ء) سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ عوام بہترین منصف ہیں۔میرے پانچ سالہ دورکے ترقیاتی منصوبوں اور سابقہ ادوار کے ممبران اسمبلی کے ترقیاتی منصوبوں میں موازنہ کریں توعوام کو میراپلڑابھاری نظرآئے گا۔انہوںنے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ان کا نام وطن کی مٹی کے وفاداروں اور عوام کے حقیقی خدمت گذاروں میں لکھا جائے ۔

سپیکر نے کہا کہ ان کا مطمع نظر صوابی کے عوام کی محرومیوں کا خاتمہ کرکے ان کو تعلیم ،صحت سمیت دیگر تمام شعبوں میں جدید سہولیات فراہم کرتاہے ۔انہوںنے کہا کہ انہوں نے عوام سے جووعدے کئے تھے وہ پورے کر دکھائے ۔دیگر پارٹیوں کی طرح زبانی جمع خرچ ،جھوٹ اور منافقت کی سیاست کو اپنے قریب نہیں آنے دیا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ انشاء اللہ عوامی خدمت کی بنیاد پر آئندہ الیکشن میں عوام ہماری بھر پور پزیرائی کرے گی ۔

انہوںنے ان خیالات کااظہار شاہ منصور (صوابی) میں ڈینٹل او پی ڈی بلاک کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔سابق صوبائی وزیر شہرام خان ترکئی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔سپیکرنے کہا کہ انہوںنے اپنے پانچ سالہ دور میں ضلع صوابی میں تعلیم ،صحت ،آبنوشی ،آبپاشی اور ذرائع آمدورفت کی مد میں میگا پراجیکٹس شروع کروائے جن کو صوابی کی عوام نے سہراہا ۔انہوںنے کہا کہ ضلع میں ترقیاتی منصوبوں کے باعث عوامی سہولتوں میں اضافہ ہوا ۔

انہوںنے کہا کہ ضلع صوابی کے ہسپتالوں میں جدید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایاجس سے بیمار حضرات مستفید ہو رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ گجوخان میڈیکل کے طلبہ کو بہترین تعلیمی درسگاہ ان کے ضلع میںہی میسر ہوگئی ہے ۔سپیکرنے کہا کہ مخالفین کے پراپیگنڈوں اورمنفی ہتھکنڈوں نے ان کے راستے میں رکاؤٹیں ڈالنے کی کافی کوششیں کیں لیکن انہوںنے کسی چیز کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اپنا نصب العین صرف اور صرف عوام کی خدمت کو بنایا اور عوام گواہ ہیں کہ وہ عوامی خدمت میں سرخروہوئے اور مخالفین کو شرمندگی کے سواکچھ نہ ملا۔

انہوںنے کہا کہ عوام آنکھیں کھلی رکھتے ہیں اور ہر چیز کا بغور جائزہ لینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ عوام ان کی کارکردگی اور حقیقی خدمات کی بنیاد پر دوبارہ بھاری اکثریت سے ان کو خدمت کیلئے منتخب کرکے جھوٹوں ،منافقوں اور استحصالی گروہوں کا محاسبہ کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :