متروکہ وقف املاک بورڈ کا ملازمین کیلئے ایک بنیادی تنخواہ بطور اعزازیہ کا اعلان

منگل 29 مئی 2018 22:16

لاہور۔29 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) متروکہ وقف املاک بورڈ کا تمام ملازمین کو عید سے قبل ایک بنیادی اعزازی تنخواہ دینے کا اعلان کردیا ، اس بات کا فیصلہ بورڈ کے سینئر رکن چوہدری بشیر احمد کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں متفقہ طور پر کیا گیا، اجلاس میں عزت جہاں ، وزیر مملکت ڈاکٹر درشن لال ، وزارت مذہبی امور کے جوائنٹ سیکرٹری طاہر احسان ، چوہدری جاوید قیصر ،کیپٹن ریٹائرڈ یونس درانی ، بیرسٹر پیرزادہ اونگزیب شاہ ، سید ظفر علی بخاری ، سردار منو زمان ، محمد منصف جان ،وزارت داخلہ کی ایڈیشنل سیکرٹری فرح حامد، سیکرٹری بورڈمحمد طارق ،کنٹرولر اکائونٹس محمد اختر چانڈیو ،ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر نو ر اسلم خان، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر راولپنڈی محمد آصف خا ن سمیت دیگر بورڈ افسران نے شرکت کی اجلاس میں متفقہ قراردار کے ذریعے وفاقی حکومت اور وفاقی سیکرٹری وزارت مذہبی امور سے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں فوری طور پر بور ڈ کا مستقل چیئرمین بورڈ تعینات کیے جانے کا مطالبہ کیا گیا ، سینئر بورڈ ممبرچوہدری بشیر احمد نے کہا کہ چیئرمین بورڈ کی عدم تعیناتی کی وجہ سے اہم معاملات التوا کا شکار ہیں جبکہ انتظامی معاملات میں بھی مشکلات کا سامنا ہے ، لہذا وفاقی حکومت مستقل یا کسی بھی ذمہ دار افسر کو ایڈیشنل چارج دے کر چیئرمین تعینات کرے جبکہ انہوں نے اہم امور کی انجام دہی کیلئے اپنی تجاویز بھی دیں ، بورڈ کا319واں اجلاس اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا جس میں سال 2018-19کے تخمینہ بجٹ کی منظوری دی گئی جبکہ 2017-18کے نظر ثانی شدہ بجٹ کی منظوری دی گئی، اجلاس میں بورڈ ممبران نے سیکرٹری بورڈ محمد طارق اور کنٹرولر اکائونٹس اختر خان چانڈیو کی جانب سے دی گئی بریفنگ کو بھی خوب الفاظ میں سراہتے ہوئے انکے اقدامات کی تعریف کی ،سیکرٹری بورڈ محمد طارق کا کہنا تھا کہ بورڈ کی آمدن اور کارکردگی میں بہتری لائی جا رہی ہے اور آنے والے دنوں میں اس کے اثرات بھی سامنے آ جائیں گے ، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر ای ٹی پلازہ اسلام آباد آصف رضا شیخ نے ای ٹی پلازہ اسلام آباد میں خالی جگہ کو کرایہ پر دینے کی استدعا کی جو بورڈ ممبران نے منظور کرتے ہوئے خالی جگہ کو فوری طور پر کرایہ داری پر دی جانے کی منظوری دیدی ، اجلاس میں مالیا تی امور سمیت دیگر اہم انتظامی امور کے ایجنڈا آئیٹم کی منظوری دی گئی جبکہ مزید کی منظوری اور مشاورت کیلئے 22جون کو دوبارہ اجلاس طلب کیا گیا ہے ۔