صدر کی منظوری کے بعد سلیم بیگ چیئرمین پیمرا مقرر

سلیم بیگ انفارمیشن گروپ کے سینئر افسر ہیں ،ْ وزارت اطلاعات میں پی آئی او کے طور پرفرائض انجام دے رہے ہیں ،ْ

منگل 29 مئی 2018 23:38

صدر کی منظوری کے بعد سلیم بیگ چیئرمین پیمرا مقرر
ا سلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2018ء) وفاقی حکومت نے صدر مملکت ممنون حسین کی منظوری کے بعد سلیم بیگ کو پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کا چیئرمین مقرر کردیا۔سلیم بیگ انفارمیشن گروپ کے سینئر افسر ہیں اور وزارت اطلاعات میں پی آئی او کے طور پرفرائض انجام دے رہے ہیں۔خیال رہے کہ سرچ کمیٹی نے چیئرمین پیمرا کی تقرری کے لیے تین نام بھجوائے تھے جن میں سے سلیم بیگ کے نام کی منظوری دی گئی۔

چیئرمین پیمرا کی تقرری سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کی گئی ہے، 5 رکنی سرچ کمیٹی نے چیئرمین پیمرا کے عہدے کیلئے 62 امیدواروں کے انٹرویو کیے۔سرتاج عزیز کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے 3امیدواروں کے نام شارٹ لسٹ کیے تھے جس میں محمد سلیم بیگ کا نام سب سے پہلے تھا ۔

(جاری ہے)

گزشتہ ماہ سپریم کورٹ نے چیئرمین پیمرا کے انتخاب کیلئے سرچ کمیٹی کی تشکیل نو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کو کمیٹی سے نکال دیا تھا۔

یاد رہے کہ دسمبر 2017 میں لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے چیئرمین ابصار عالم کی تعیناتی کالعدم قرار دی تھی۔شہری منیر احمد نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی وساطت سے ابصار عالم کی بطور چیئرمین پیمرا تقرری کو چیلنج کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ابصار عالم کی تقرری کے لیے 2 بار اخبارات میں اشتہار دیئے گئے، وہ پہلے اشتہار کے تعلیمی معیار پر پورا نہ اترے تو دوسری بار کم اہلیت کا اشتہار جاری کیا گیا۔