مسافر بس پر فائرنگ کا معاملہ؛ فائرنگ کرنے والے موٹروے پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت فیصلہ،

مقدمہ درج کر لیا گیا گزشتہ روز موٹروے پولیس ترجمان نے فائرنگ کے واقعے کو اہلکاروں پر حملہ قرار دیا تھا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 30 مئی 2018 14:30

مسافر بس پر فائرنگ کا معاملہ؛ فائرنگ کرنے والے موٹروے پولیس اہلکاروں ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30 مئی 2018ء) راولپنڈی میں مسافر بس پر فائرنگ کرنے والے موٹروے پو لیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔فائرنگ کرنے والے اہلکاروں کو معطل بھی کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد انٹرچینج پر بس نہ روکنے پر موٹر وے پولیس نے فائرنگ کردی تھی۔ آئی جی ہائی وے اور موٹروے نے مسافر بس پرفائرنگ کرنے والے دو اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے۔

اور دونوں اہلکاروں کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔مقدمہ پشاور کے رہائشی گلفراز کی درخواست پر دائر کیا گیا ہے۔درخواست میں بتایا گیا ہے کہ اعتزازاور شاہد گل نے چلتی بس پر فائرنگ کر دی تھی۔فائرنگ سے گلفراز اور بس کنڈیکٹر زخمی ہوئے تھے۔ گزشتہ ورز موٹروے پولیس نے اس واقعہ کو موٹروے اہلکاروں پر حملہ قرار دیا تھا۔

(جاری ہے)

لیکن اس کے بعد صورتحال کچھ مختلف دکھائی دی۔

واقعہ کی رپورٹ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔یاد رہے کہ یہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا تھا جب موٹروے پولیس اہلکاروں نے چلتی بس پر فائرنگ کر دی تھی،جس کے نتیجے میں دوافراد زخمی ہوئے۔زخمی افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔اس واقعے میں دونوں اہلکار مجرمانہ غفلت کے مرتکب پائے گئے ہیں۔مقدمے میں دونوں اہلکاروں کے خلاف قاتلانہ حملے کی دفعات بھی شامل ہیں۔

واقعے میں زخمی فرد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جب کہ پولیس اس واقعہ سے متعلق مزید تحقیقات بھی کر رہی ہے۔تا کہ مزید حقائق سامنے آس سکیں۔ابتدائی طورپر فائرنگ کرنے والے اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔اس حوالے سے ایک گاڑی سے بنائی گئی ویڈیو منظر پر آگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موٹروے پولیس کی 2 گاڑیاں ایک بس کو روکنے کی کوشش کررہی ہیں، کافی دیر تک بس کا پیچھا کیا گیا، بس نہ رُکنے پر فائرنگ کردی گئی۔