شمالی کورین رہنما کا خفیہ دورہ امریکہ،

میڈیا کے بے نقاب کرنے پروائٹ ہائوس شرمسار کوریائی حکمراں پارٹی کے نائب چیئرمین کی بیجنگ سے نیویارک آمد،مغربی میڈیا نے ائیرپورٹ پر کھینچی تصاویرنشرکردیں

بدھ 30 مئی 2018 16:44

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2018ء) وائٹ ہاوس نے شمالی کوریا کی حکومت کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے دورہ امریکہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے اس دورے کے دوران وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو مہمان رہنما سے مذاکرات کریں گے۔کم یونگ چول شمالی کوریا کے انٹیلی جنس ادارے کے سابق سربراہ اور شمالی کوریا کی حکمران کمیونسٹ پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے نائب چیئرمین ہیں جو بیجنگ سے ایئرچائنا کی ایک پرواز کے ذریعے نیویارک روانہ ہوئے ۔

(جاری ہے)

مغربی ذرائع ابلاغ نے کم یونگ چول کی بیجنگ کے ہوائی اڈے پر لی جانے والی تصویریں نشر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ امریکہ جانے والی پرواز میں سوار ہوئے ہیں جس کے بعد وائٹ ہاوس نے بھی ان کے دورے کی تصدیق کردی ۔بعد ازاں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ کم یونگ چول کا دورہ ان کے خط کا ٹھوس جواب ہے جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔امریکی حکام کا کہناتھا کہ کم یونگ چول کے دورہ امریکہ کا مقصد بھی سربراہی ملاقات کی تیاریوں پر بات چیت کرنا ہے اور ان کی امریکی وزیرِ خارجہ سے ملاقات میں مجوزہ سربراہی اجلاس سے متعلق امور پر غور کیا جائے گا۔کم یونگ چول شمالی کورین فوج کے فور اسٹار جنرل ہیں اور ان کا شمار کم جونگ ان کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے۔