ڈیرہ غازی خان ،بھتیجی پر تشدد کرنیوالے ملزم چچا کو عدالت نے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا

بدھ 30 مئی 2018 20:28

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2018ء) ڈیرہ غازی خان میں بھتیجی پر تشدد کرنے والے ملزم چچا کو عدالت نے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق دو روز قبل منظر عام پر آنیوالی ویڈیو میں دیکھا گیا تھا کہ ڈی جی خان کے علاقے درہامہ میں عبدالمجید نامی شخص اپنی بھتیجی کو سسرال سے میکے لے جانا چاہتا تھا لیکن انکار پر اسے شدید تشدد کا نشانہ بناتا اور بالوں سے پکڑ کر گھسیٹتا ہے۔

(جاری ہے)

متاثرہ لڑکی نے الزام عائد کیا تھا کہ اس کا والد اپنی بہو سے شادی کرنا چاہتا تھا اس لئے وہ گھر چھوڑ کر چلی گئی، لڑکی کے الزام کی تصدیق اس کی بھابھی اور بھائی نے بھی کی۔متاثرہ لڑکی کے چچا نے تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ لڑکی پر ہاتھ ضرور اٹھایا تھا لیکن یہ گھریلو جھگڑا تھا۔پولیس نے بدھ کو کارروائی کرتے ہوئے تشدد کرنے والے ملزم کو گرفتار کیا ۔ خاتون پر ہاتھ اٹھانے والے مرد ملزم کو خواتین اہلکاروں نے زنجیروں میں جکڑ کر علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا۔عدالت نے ملزم عبدالمجید کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس تھانہ دراہامہ کے حوالے کردیا۔

متعلقہ عنوان :