اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات اور پیرا کی ہدایت کے باوجود وفاقی دارالحکومت کے پرائیویٹ سکولز اور کالجز کی انتظامیہ نے طلباء سے موسم گرما کی تعطیلات کے دورانیے کی فیس وصول کرنا شروع کردی

سکولوں اور کالجوں کی انتظامیہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کر کے توہین عدالت کی مرتکب ہورہی ہے ، والدین کااحتجاج

بدھ 30 مئی 2018 21:15

اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات اور پیرا کی ہدایت کے باوجود وفاقی دارالحکومت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 مئی2018ء) اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات اور پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی(پیرا) کی ہدایت کے باوجود وفاقی دارالحکومت کے پرائیویٹ سکولز اور کالجز کی انتظامیہ نے طلباء سے موسم گرما کی تعطیلات کے دورانیے کی فیس بھی وصول کرنا شروع کردی ہے جس پر والدین نے شدید احتجاج کیا ہے اور کہا ہے کہ سکولوں اور کالجوں کی انظامیہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کر کے توہین عدالت کی مرتکب ہورہی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے یہ حکم دیا تھا کہ پرائیویٹ سکولز اور کالجز موسم گرما کی تعطیلات کے باعث چھٹیوں کے ماہ کی فیس وصول نہیں کریں گے اور اس حوالے سے پیرا کو پابند کیا گیا تھا کہ وہ عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کو یقینی بنائے ،عدالتی فیصلے کی روشنی میں پیرا نے قومی اخبارات میں اشتہار دیا تھا جس میں والدین سے کہا گیا تھا کہ وہ موسم گرما کی تعطیلات یعنی یکم جون سے 12اگست تک کی فیس ادا نہ کریں اور جن والدین نے ایڈوانس فیس ادا کر رکھی ہے وہ چھٹیوں کی فیس دیگر ماہ میں ایڈجسٹ کرائیں ۔

(جاری ہے)

اگر کوئی تعلیمی ادارہ عدالت کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چھٹیوں کے ماہ کی بھی فیس وصول کرے تو اس کے خلاف تحریری شکایت درج کرائی جائے ۔ ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں بڑے پیمانے پر نجی تعلیمی اداروں نے چھٹیوں کے ماہ کی فیس کی وصولی شروع کررکھی ہے جو عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے ۔ والدین نے کالجز اور سکولوں کی انتظامیہ سے جب فیس سے متعلق عدالتی فیصلے کا تذکرہ کیا تو کئی کالجز اور سکولوں نے یہ دھمکی لگائی ہے کہجو والدینگرمیوں کی چھٹیوں کے ماہ کی فیس ادا نہیں کریں گے ان کے بچوں کو تعلیمی اداروں سے نکال دیا جائے گا ۔