ایم کیو ایم کو انتخابی نشان پتنگ الاٹ ہونے کے اعلان کے بعد حیدرآباد میں کارکنان کا جشن

بدھ 30 مئی 2018 23:07

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کو انتخابی نشان پتنگ کے الاٹ ہونے کے اعلان کے بعدحیدرآباد ایم کیوایم کے کارکنان کا جشن ایم کیوایم عارضی ڈسٹرکٹ آفس پر ریلیوں کی شکل میں کارکنان کی آمد اور جئے متحدہ ،جئے مہاجر کے نعروںکی گونج میں مٹھائی تقسیم کی گئی اور ایم کیوایم کے انتخابی نشان پتنگ پر مبنی پینافلیکس آویزاں بھی کئے گئے ۔

اس موقع پر ایم کیوایم سندھ تنظیمی کمیٹی رکن وسابقہ ایم این اے صلاح الدین ،ایم کیوایم حیدرآباد ڈسٹرکٹ آراگنائزر ظفر احمد صدیقی و اراکین ڈسٹرکٹ آرگنائزنگ کمیٹی نے ریلیوں کا استقبال کیا ۔اس موقع پر ایم کیوایم حیدرآباد کے ڈسٹرکٹ آرگنائزر ظفر احمد صدیقی نے کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم کا انتخابی نشان پتنگ مہاجروں کا جنون اور انکے اتحاد کی علامت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ایم کیوایم پاکستان کو انتخابی نشان پتنگ الاٹ ہوناحق پرستوں کی فتح اور مفاد پرستوں کی شکست ہے جو لوگ ایم کیوایم اور اسکے انتخابی نشان کو مٹانے کی سازشیںکررہے تھے ان لوگوں کی قدرت نے نیند حرام کردی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے کارکنان اور حق پرست عوام الیکشن 2018ء میں اپنے انتخابی نشان پتنگ کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کرکے ایم کیوایم اور مہاجر دشمن قوتوں کو انکے منطقی انجام تک پہچائیں گے انہوں نے کہاکہ کارکنان اپنے نظریہ اور حق پرستانہ جدوجہد کو منزل سے ہمکنار کرنے کیلئے اپنے اتحاد کو مزید مستحکم بنانے کیلئے کام کریں اور دشمنان حق پرستی کو ناکام بنائیں ۔