نگران وزیراعلی پنجاب کے نام پر تنازع

ناصر خان کھوسہ نے بھی بڑا اعلان کر دیا

Fahad Shabbir فہد شبیر جمعرات 31 مئی 2018 10:31

نگران وزیراعلی پنجاب کے نام پر تنازع
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31مئی۔2018ء) سابق بیوروکریٹ ناصر محمود کھوسہ نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کا عہدہ سنبھالنے سے معذرت کرلی۔نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں ناصر محمود کھوسہ کا کہنا تھا کہ ان کی نامزدگی واپس لےکر انہیں میڈیا میں متنازع بنا دیا گیا۔ناصر محمودکھوسہ نے کہا کہ ان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کیا گیا، اگر اس منصب کے لیے ان کا نام تجویز کرنے سے پہلے مشورہ کرلیا جاتا تو بہتر ہوتا۔

سابق چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ حالیہ پیدا ہونے والےحالات کے تناظر میں وہ نگراں وزیراعلیٰ کاعہدہ نہیں سنبھال سکتے۔ ناصر محمود کھوسہ کا مزید کہنا تھا کہ شفاف انتخابات کے لیے نگراں وزیراعلیٰ کو سیاسی جماعتوں کا اعتماد حاصل ہونا چاہیے۔یاد رہے گزشتہ روز پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے بڑا یوٹرن لیتے ہوئے نگران وزیرِاعلیٰ پنجاب کیلئے ناصر خان کھوسہ کا نام واپس لے لیا تھا۔

(جاری ہے)

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کا اس فیصلے پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم غلط فہمی کا شکار ہو گئے تھے، اس لیے جلد بازی میں نام دے بیٹھے، پارٹی میں مشاورت کے بعد نیا نام دیں گے۔ میاں محمود الرشید نے موقف اپنایا کہ نام مجھے پارٹی چیئرمین کی طرف سے دیئے گئے تھے۔ طارق کھوسہ اور ناصر کھوسہ کے ناموں کی وجہ سے کنفوژن ہوئی۔

نگران وزیرِاعلیٰ پنجاب کے معاملہ میں پی ٹی آئی نے پہلے کامران رسول اور طارق کھوسہ کا نام تجویز کیا تھا، اب بھی یہ نام سامنے آ سکتے ہیں۔ پی ٹی آئی کی جانب سے تاحال کامران رسول اور طارق کھوسہ کا نام زیرِ غور ہے۔دوسری جانب پنجاب حکومت بھی ڈٹ گئی اور ناصر خان کھوسہ کا نام واپس لینے سے انکار کر دیا۔ وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کے مطابق اب نوٹیفکیشن جاری ہو چکا ہے اور نام واپس نہیں لیا جا سکتا۔