فلم ’’سنجو‘‘ کے ٹیزر کے بعد دھماکے دار ٹریلر جاری کردیاگیا

سنجے دت کی زندگی پر مبنی فلم ’’سنجو‘‘ 29 جون کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی رنبیر کے ہمراہ منیشا کوئرالہ، سونم کپور،انوشکا شرما اور دیا مرزا مرکزی کردار میں نظر آئیں گی

جمعرات 31 مئی 2018 11:56

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2018ء) بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور کی فلم ’سنجو‘ کے ٹیزر کے بعد دھماکے دار ٹریلر بھی جاری کردیا گیا ہے۔ بالی ووڈ میں فلم ’سنجو‘ کے ٹیزر سے تہلکہ مچانے والے اداکار رنبیر کپور ان دنوں خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں جب کہ سنجے دت کی زندگی پر مبنی فلم میں ہر کردار کو سنجے دت کی ہوبہو اداکاری پر انہیں ہر جانب سے سراہا جارہا ہے , فلم کے ٹیزر کی طرح ٹریلر میں بھی سنجے دت کے مختلف روپ دکھائے گئے ہیں اور ٹریلر نے ریلیز ہوتے ہی ہلچل مچا دی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجکمار ہیرانی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’سنجو‘ کا آفیشل ٹریلر بلآخر جاری کردیا گیا۔ 3 منٹ 4 سیکنڈ کے ٹریلر میں سنجے دت کی پوری زندگی کو مختلف مراحل میں دکھایا گیا ہے اور ٹریلر کے ابتدا میں ہی زبردست ڈائیلاگ بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ٹریلر کی ابتداء میں سنجے دت کا کردار نبھانے والے بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور کہتے ہیں کہ ’اتنی ورائٹی والی لائف آپ کو کدھر ملے گی جب کہ مزید کہا کہ ’میں شرابی ہوں، ٹھرکی ہوں، نشے کا عادی ہوں لیکن دہشت گرد نہیں ہوں، فلم کے ٹریلر میں سنجے دت کی نوجوانی کے دن ،نشے کی لت ،معاشقے اور انڈر ولڈ سے تعلقات کو بھی دکھایا گیا ہے۔

فلم ’سنجو‘ کے دھماکے دار ٹریلر پر فلمی شخصیات بھی خاموش نہ رہے اور انہوں نے اپنی رائے سے ٹریلر کو بھرپور انداز میں سراہا۔ فلم میں رنبیر کے مدمقابل اداکارہ کا کردار ادا کرنے والی دیا مرزا کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہنا تھا کہ ایک زندگی میں کئی زندگیاں گزارنے والے شخص کا ٹریلر جاری ہو گیا ہے۔بالی ووڈ نامور اداکار انیل کپور نے تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فلم کے ٹریلر کی تعریف کرنے کے لئے میرے پاس الفاظ نہیں۔

معروف ہدایتکار اور فلم ساز کرن جوہر نے بھی راجکمار ہیرانی اور رنبیر کپور کی تعریف کی اور کہا کہ دماغ کو ہلا دینے والا ٹریلر ہے۔واضح رہے کہ سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم 29 جون کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی جس میں رنبیر کے ہمراہ منیشا کوئرالہ، سونم کپور،انوشکا شرما اور دیا مرزا مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔

متعلقہ عنوان :