وزیراعلیٰ پنجاب نے قصور میں شہبازشریف سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کردیا،سپورٹس کمپلیکس کے مختلف حصوں کا دورہ کیا

سٹیٹ آف دی آرٹ سپورٹس کمپلیکس پر54کروڑ روپے لاگت آئی ہے،اس میں ہاکی ،کرکٹ اورکبڈی کے گراؤنڈ بنائے گئے ہیں یہ سپورٹس کمپلیکس اشرافیہ کیلئے نہیں بلکہ قصور کا ہر شہری چاہے وہ امیر ہے یا غریب اس سہولت سے استفادہ کرسکتاہے‘شہبازشریف

جمعرات 31 مئی 2018 20:49

وزیراعلیٰ پنجاب نے قصور میں شہبازشریف سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کردیا،سپورٹس ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے قصور میں شہبازشریف سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیااور سپورٹس کمپلیکس کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے سپورٹس کمپلیکس کے ہاکی گراؤنڈ میں موجود ہاکی کے کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس کمپلیکس میں ہاکی ،کرکٹ کے سٹیڈیم اورکبڈی گراؤنڈ بنایاگیا ہے ۔

سپورٹس کمپلیکس میں ان ڈور اورآؤٹ ڈور گیمز کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں اور218کینال پر محیطسٹیٹ آف دی آرٹ اس سپورٹس کمپلیکس پر54کروڑ روپے لاگت آئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت صوبے میں صحت کی سرگرمیوں کے فرو غ کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے ۔صوبے بھر میں کھیلوں کے نئے میدان بنائے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے سپورٹس کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج قصور میں سٹیٹ آف دی آرٹ سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیاگیا جس میں ہاکی ،کرکٹ اور کبڈی کے گراؤنڈز بنائے گئے ہیں۔

54کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے اس منصوبے میں بنائے گئے ہاکی گراؤنڈ میں ہال لینڈ سے منگوائی گئی آسٹروٹرف بچھائی گئی ہے ۔یہ سپورٹس کمپلیکس اشرافیہ کیلئے نہیں بلکہ قصور کا ہر شہری چاہے وہ امیر ہے یا غریب اس سہولت سے استفادہ کرسکتاہے ۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب بھر میںاربوں روپے کی سرمایہ کاری سے اس طرح کے درجنوں سپورٹس کمپلیکس بنائے گئے ہیں۔

صوبے بھرمیں 50جمنیزیم مکمل ہوچکے ہیں جبکہ 21ای لائبریریاں بنائی گئی ہیں ان لائبریریوں میں ڈیڑھ لاکھ کتابیں آن لائن موجود ہیں۔انہوںنے کہاکہ پنجاب کی7اضلاع میں 7ہاکی سٹڈیم بنائے گئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ صوبے میں سپورٹس کی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے شاندار کام ہواہے اور22ارب روپے کی خطیر رقم سے سپورٹس کی سہولتوں کے منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ میںگزشتہ ایک ماہ سے پنجاب بھر میں ہسپتالوں کے منصوبوں کا افتتاح کررہا ہوں کیونکہ میں دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنی اوالین ذمہ داری سمجھتا ہوں ۔تاہم آج قصور میںسپورٹس کمپلیکس کاافتتاح کیاگیا ہے ۔صوبائی وزیر شیخ علاؤالدین ،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور لوگوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔