منہاج القرآن انٹر فیتھ ریلیشنز کے زیر اہتمام اجلاس،مختلف مذاہب کے رہنمائوں کی شرکت

حکومت پاکستان سردار چرن جیت سنگھ کے قتل کے پس پردہ محرکات کو سامنے لائی:مطالبہ قتل کی اندوہناک واردات کے ملزمان کو گرفتار کر کے کٹہرے میں لایا جائی: اجلاس میں مطالبہ سردار چرن جیت سنگھ اس دھرتی کے بیٹے،ممتاز پاکستانی شہری تھی: سہیل احمد رضا

جمعرات 31 مئی 2018 20:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2018ء) منہاج القرآن انٹر فیتھ ریلیشنزکے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں احترام مذاہب،بین المذاہب رواداری اور امن عالم کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا ،اجلاس کی صدارت ڈائریکٹر انٹر فیتھ ریلیشنز منہاج القرآن سہیل احمد رضا نے کی جبکہ مسیحی رہنما ڈاکٹر جیمز چنن، پاسٹر جوزف،ریورنڈ مرقس فدا،ہندو رہنماء ڈاکٹر منوہر چاند ،پنڈت بھگت لال،ارون کمار ،پنڈت امر ناتھ رندھاوا،سکھ رہنما سردار بشن سنگھ،سردار رمیشن سنگھ،سردار کلیان سنگھ،سردار صاحب سنگھ،سردار جنم سنگھ،ثناء اللہ خان،شہزاد رسول قادری،علامہ عثمان سیالوی سمیت دیگر موجود تھے۔

اجلاس میں موجود رہنمائوں نے سکھ رہنما سردار چرن جیت سنگھ کے بہیمانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سردار چرن جیت سنگھ سکھ برادری کے ممتاز رہنماء تھے۔

(جاری ہے)

تمام مذاہب کے رہنماء قتل کی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مذاہب کے رہنمائوں نے کہا کہ سردار چرن جیت سنگھ کے قتل سے ملک ایک مخلص اور محب وطن سکھ رہنماء سے محروم ہو گیا۔

اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت تمام مذہبی اقلیتوں کے رہنمائوں کو تحفظ فراہم کرے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سہیل احمد رضا نے کہا کہ ریاست پاکستان اقلیتی رہنمائوں کے جان و مال اور عزت کی حفاظت کی ذمہ دار ہے۔پاکستان وہ اہم ملک ہے جس میں تمام مذاہب اور انکے پیروکاروں کا احترام کیا جاتا ہے۔تحریک منہاج القرآن سکھ برادری کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

سردار چرن جیت سنگھ نے ہمیشہ سکھ برادری انکے مقدس مقامات کے تحفظ کیلئے آواز بلند کی،سہیل احمد رضا نے کہا کہ حکومت پاکستان سردار چرن جیت سنگھ کے قتل کے پس پردہ محرکات کو سامنے لائے، قتل کے اندوہناک واردات کے ملزمان کو گرفتار کرکے کٹہرے میں لایا جائے، آئین پاکستان کے تحت بلا امتیاز رنگ ونسل مذہب و علاقہ تمام شہری مساوی حقوق رکھتے ہیں، آئین پاکستان تمام شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، سردار چرن جیت سنگھ اس دھرتی کے بیٹے اور ممتاز پاکستانی شہری تھے،اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر جیمز چنن نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے حوالے سے ایک توانا آواز ہیں، انہوں نے ہمیشہ بین المذاہب رواداری اور برداشت کا پیغام دیا ہے،سردار چرن جیب سنگھ کا قتل افسوسناک واقعہ ہے، اس اندوہناک سانحہ پر پاکستانی قوم افسردہ ہے۔