صدر اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش کی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نو تعینات چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری سے ملاقات ، عہدہ سنبھالنے پر مبارکباددی

جمعرات 31 مئی 2018 21:06

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نو تعینات چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری کے دفتر میں ان سے ملاقات کی اور عہدہ سنبھالنے پر مبارک باددی۔ صدر جامعہ نے اس موقع پر ڈاکٹر طارق بنوری کو اسلامی یونیورسٹی کا تعارف پیش کرتے ہوئے یونیورسٹی کے دورے کی دعوت دی اور اپنی طرف سے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔

انہوں نے کہا کہ ہائر ایجو کیشن کمیشن کا اسلامی یونیورسٹی کے ساتھ ہمیشہ خیر سگالی کا رشتہ رہا ہے اور ڈاکٹر طارق کی سربراہی میں اس میں مزید اضافہ ہو گا جو نہ صرف پاکستان بلکہ امت اسلامیہ کی تعلیمی میدان میں ترقی کا باعث بنے گا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طارق بنوری نے ڈاکٹر احمد یوسف الدرویش کی آمد اور یونیورسٹی کے دورے کی دعوت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ یونیورسٹیوں کو با اختیار اور خود مختار بنایا جائے ‘ اور اچھی کارکردگی کی حامل یونیورسٹی کی مدد سے چھوٹی یونیورسٹیوں کی معاونت کر کے تعلیمی میدان میں ترقی کے نئے باب کھولے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کا عزم ہے کہ یونیورسٹی کے اسکالرز نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک خاص کر اسلامی ممالک میں تعلیمی معیار کی ترقی کیلئے کام کریں ۔