شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت کا ایس او ایس چلڈرن ویلج جامشورو کا دورہ

جمعرات 31 مئی 2018 21:06

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے ایس او ایس چلڈرن ویلج جامشورو کا دورہ کیا، اس موقع پر وائس چانسلر اور چلڈرنز ویلج انتظامیہ کے درمیان تفصیلی میٹنگ بھی ہوئی، جس میں وائس چانسلر کو بچوں کے تعداد، ان کی تعلیم، تربیت، کھانے پینے، رہائش اور علاج وغیرہ کے حوالے سے تفصیلی معلومات دی گئیں اور کچھ معاملات میں وائس چانسلر کو تعاون کی گذارش بھی کی گئی جس پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے کہا کہ آج ان بچوں کے عالمی دن کے موقع پر میرے یہاں پر آنے کا مقصد ہی ان پیارے پیارے بچوں سے ملنا، ان کے ساتھ پیار اور اپنائیت کا اظہار کرنا اور ان کے مسائل اور ضروریات معلوم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سب بچے ہمارے اپنے ہیں، اور ہم سب ان کے وارث ہیں، جامعہ سندھ بدستور روایت ان بچوں کی تعلیم،تربیت اور مختلف ضروریات کے سلسلے میں ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی جامعہ سندھ اور اس کے اسکولوںکے دروازے ہمیشہ ان بچوں کے لیے کھلے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر برفت نے کہا کہ بچے قدرت کا حسین تحفہ ہوتے ہیں، سب بچے ایک جتنی حیثیت اور اہمیت رکھتے ہیں، ان کے حقوق بھی ایک جیسے ہی ہیںبچے ملک کا مستقبل ہوتے ہیں، بہتر تعلیم و تربیت کا ماحول مہیا کر کے ان کے روشن مستقبل کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔

اس موقع پر منعقد ہونے والی ایک مختصرتعارفی تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے بچوں کے ساتھ بہت پیار،اپنائیت اور شفقت بھرے انداز میں گفتگو کی، ان کی باتیں سنیں، ان کو اپنے بچپن کی یادگار باتیں سنائیں اور انہیں ہمت و حوصلہ بڑہانے والی نصیحتیں کیں اور ان کو خصوصی تحائف بھی دیئے۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے پچاس ہزار کا چیک بطور فنڈ بھی دیا۔

متعلقہ عنوان :