Live Updates

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی نامزدگی کیلئے تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) نے مزید دو، دو نام پیش کر دئیے

محمود الرشید کی اسپیکر رانا اقبال سے ملاقات، پی ٹی آئی نے پروفیسر حسن عسکری کے علاوہ اوریا مقبول جان ،یعقوب طاہر اظہار کے نام پیش کئے دونوں جماعتیںنئے پیش کئے جانیوالے ناموں پر مشاورت کریں گی ،کل شہباز شریف اور محمود الرشید کے درمیان ملاقات میں حتمی نام کا اعلان متوقع محمو د الرشید نے اسپیکر سے ملاقات سے قبل عمران خان کو دوبارہ ٹیلیفونک رابطہ کر کے نئے پیش کئے جانیوالے ناموں بارے حتمی طو رپر پوچھا ‘ ذرائع

جمعہ 1 جون 2018 16:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2018ء) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی نامزدگی کیلئے تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) نے مزید دو، دو نام پیش کر دئیے ،دونوں جماعتیںنئے پیش کئے جانیوالے ناموں پر مشاورت کریں گی جس کے بعد کل ( اتوار) کے روز شہباز شریف اور محمود الرشید کے درمیان ملاقات میں حتمی نام کا اعلان متوقع ہے ۔ تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید نے اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی ۔

رانا ثنا اللہ خان سابق وزیر اعظم نواز شریف کے فیصل آباد میں جلسے کی وجہ سے چلے گئے ۔ ملاقات میں مسلم لیگ (ن) او رپی ٹی آئی کی جانب سے مزید ، دو ، دو نام تجویز کئے گئے ہیں ۔ میاں محمود الرشید نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دو نام مسلم لیگ (ن) اور دونام ہماری طرف سے تجویز کئے گئے اور اتوار کے روز وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے ملاقات کا وقت طے ہوگا اور کسی ایک نام پر حتمی فیصلہ کرلیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ہماری طرف سے پہلے پروفیسر حسن عسکری کا نام موجود ہے جبکہ اوریا مقبول جان اور یعقوب طاہر اظہار کے نام دئیے گئے ہیں ۔ اسپیکر نے کہا ہے کہ ہم نے جو نام دئیے ہیں ان میں ایک نام پر اتفاق رائے ہو سکتا ہے جبکہ ان کی طرف سے جو نام دیا گیا ہے ان میں سے ایک نام ہمارے لئے قابل قبول ہو سکتا ہے لیکن اس کے لئے دونوں جماعتوں کی قیادت مشاورت کرے گی اور کل اتوار کو فائنل رائونڈ ہوگا۔

انہوںنے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ پی ٹی آئی میں تینوںناموںپر مشاورت ہوئی ہے اور اس کے بعد دوبارہ نام پیش کئے گئے ہیں ۔ جو باتیں سامنے آرہی ہیں وہ حقائق کے برعکس ہیں میںنے اپنی ذاتی حیثیت میں کوئی نام نہیں دیا بلکہ قیادت کی مشاورت سے نام پیش کئے تھے ۔ ہر جماعت میں پسند اور نا پسند ہوتی ہے لیکن جن لوگوں نے اس بات کا بتنگڑ بنایا میرا ان سے کوئی گلہ نہیں ۔

انہوںنے کہا کہ (ن) لیگ نے جو نام پیش کئے ہیں اس کے بارے میں وہ خود ہی بتا سکتی ہے۔انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی کا واضح موقف ہے کہ انتخابات وقت مقررہ پر ہونے چاہئیں ۔ اگر ایک دفعہ آئینی حدود سے باہر اقدام ہوا تو اس کی کوئی حد نہیں ہو گی اور پھر معلوم نہیں انتخابات کب ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق میاںمحمو د الرشید نے اسپیکر رانا محمد اقبال سے ملاقات سے قبل پارٹی قائد عمران خان کو دوبارہ ٹیلیفونک رابطہ کر کے نئے پیش کئے جانیوالے ناموں بارے حتمی طو رپر پوچھا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات