مجھے ہمیشہ زندگی میں یاد رہنے والی تقریب میں شرکت کر کے انتہائی دلی مسرت ہوئی ہے، ملک ندیم کامران

صوبائی وزیر کی حیثیت سے میں نے از خود اپنے شہر ساہیوال میں بیشمار ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی ہے جس کی بنا پر آج اللہ کے فضل سے شہر لاہور کے بعد ساہیوال میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کاموں کو بروقت پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے،صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ

جمعہ 1 جون 2018 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2018ء) محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ حکومت پنجاب کی جانب سے سابق صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ملک ندیم کامران کے اعزاز میں الوداعی تقریب گزشتہ روز محکمہ پی اینڈ ڈی کمپلیکس میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں سابق صوبائی وزیر ملک ندیم کامران سمیت چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد جہانزیب خان، سیکرٹری پی اینڈ ڈی افتخار علی سہو، چیف ایگزیکٹو آفیسر اربن یونٹ ڈاکٹر ناصر جاوید، ممبران پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر شبانہ حیدر، صداقت حسین، مختار احمد ناول، خالد سلطان، آغا وقار جاوید، محمود الحسن، ڈاکٹر عابد بودلہ، جوائنٹ چیف اکانومسٹ ڈاکٹر امان اللہ، سینئر چیف اربن ڈویلپمنٹ سلمان افتخار شامی، سینئر چیف کوآرڈینیشن جاوید لطیف، چیف کوآرڈینیشن رشید فاروقی، ایڈیشنل سیکرٹری پی اینڈ ڈی ڈاکٹر شاہد عادل، ڈپٹی سیکرٹری پی اینڈ ڈی شاہد اسماعیل مرزا، ڈویلپمنٹ سیکٹرز چیف، اسسٹنٹ چیفس، پلاننگ افسران، ایڈمنسٹریشن ونگ پی اینڈ ڈی کے ملازمین بھرپور شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر پی اینڈ ڈی کے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر ملک ندیم کامران نے سب سے پہلے محکمہ پی اینڈ ڈی کا مذکورہ پروقار تقریب منعقد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ہمیشہ زندگی میں یاد رہنے والی تقریب میں شرکت کر کے انتہائی دلی مسرت ہوئی ہے۔ صوبائی وزیر کی حیثیت سے میں نے از خود اپنے شہر ساہیوال میں بیشمار ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی ہے جس کی بنا پر آج اللہ کے فضل سے شہر لاہور کے بعد ساہیوال میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کاموں کو بروقت پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے۔

اس ضمن میں محکمہ پی اینڈ ڈی کی جانب سے مجھے ہمیشہ ہر قسم کی سپورٹ حاصل رہی ہے۔ میں نے اپنے 10سالہ منسٹری کے اقتدار میں مختلف محکمہ جات میں فرائض انجام دئیے ہیں لیکن سب سے زیادہ عزت اور کام کا مزہ محکمہ پی اینڈ ڈی میں آیا ہے۔ بلا شبہ محکمہ پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ کا پورٹ فولیو ’’ونڈرفل‘‘ (Wonderful) تھا جس کو میں نے بڑا انجوائے کیا۔ مزید برآں وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے پی اینڈ ڈی کی ورکنگ کو ٹاپ ون کا درجہ دیا گیا ہے۔

محکمہ پی اینڈ ڈی میں ذہین ہیومن ریسورس کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ مجھے امید ہے کہ آئندہ مستقبل میں پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ تیز ترقی کی رفتار کے ساتھ ترقیاتی کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ الوداعی تقریب میں خطبہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی اینڈ ڈی جہانزیب خان نے صوبائی وزیر ملک ندیم کامران کو ان کی اعلیٰ خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے بتایا کہ صوبائی وزیر ملک ندیم کامران کی رہنمائی میں محکمہ پی اینڈ ڈی نے مختلف ڈویلپمنٹ سیکٹرز جن میں ہیلتھ سیکٹر، ایجوکیشن سیکٹر، آئی ٹی سیکٹر، مائنز اینڈ منرلز سیکٹرز اور انرجی سیکٹر کو آگے بڑھانے میں کافی مدد فراہم کی ہے۔اس موقع پر صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی نے کہا کہ محکمہ پی اینڈ ڈی ہمیشہ حکومت کا پہلا اور اہم پورٹ فولیو رہا ہے۔ حکومت پنجاب نے سابق صوبائی وزیر پی اینڈ ڈی کی محنت اور قابلیت کی بنا پر انہیں مذکورہ محکمہ کا منسٹر انچارج بنایا تھا۔ تقریب کے آخر میں چیئرمین پی اینڈ ڈی جہانزیب خان نے سابق وزیر پی اینڈ ڈی کو محکمے کی جانب سے سوئینر اور خوبصورت پینٹنگ بطور تحفہ پیش کی۔