رمضان المبارک میں خوشبوئوں کے استعمال میں80فیصد تک اضافہ

ہفتہ 2 جون 2018 14:22

لاہور۔2 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2018ء) رمضان المبارک میں خوشبوئوں کے استعمال میں80فیصد تک اضافہ ہو گیا،کم قیمت اسلامی روایت کے عین مطابق پاکیزگی کے پیش نظر مردو عورتوں میں یکساں مقبول لباس کو معطر رکھنے کے علاوہ مساجد کو بھی مہکانے کیلئے عطر کا استعمال کیا جاتا ہے۔ یوں تو تقریبات میں طرح طرح کی خوشبویات استعمال کی جاتی ہیں لیکن رمضان المبارک میں تو خصوصی طور پر ان کا استعمال اور بھی بڑھ جاتا ہے، بازار میں طرح طرح کے عطر دستیاب ہیں، ماہ رمضان میں مسلما ن روزہ رکھنے کے ساتھ ساتھ عبادات کا بھی خصوصی اہتمام کرتے ہیں اور ان عبادات کیلئے تیاری بھی کچھ خاص ہی ہوتی ہے۔

لباس کو معطر رکھنے کے علاوہ مساجد کو بھی مہکانے کیلئے عطر کا استعمال کیا جاتا ہے، یوں تو بازار میں ہر طرح کے ملکی اور غیر ملکی پرفیومز دستیاب ہیں لیکن پاکیزگی کے پیش نظر رمضان المبارک میں عوام کی بڑی تعداد عطر کے استعمال کو ہی ترجیح دیتے ہیں جس کے باعث اس کاروبار سے منسلک افراد کے روزگار میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

اے پی پی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے لاہور کے تاجرحافظ محمد خالد نے بتایاکہ صوبائی دارلحکومت لاہور میں عطر کی خرید وفروخت میں اسوقت 70سے 80فیصد تک اضافہ ہو گیا ہے ،اس کی بنیادی وجہ عطر کی قیمتوں میں اعتدال پسندی کا عنصر ہے، عام دنوں کی نسبت رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عطرکاکاروبار بڑھ جاتا ہے ،کیونکہ لوگ اسے نہ صرف ذاتی استعمال میں لاتے ہیں بلکہ مسجدوںکو معطرکرنے کیلئے بھی اس کا استعمال کیاجاتاہے۔

انہوںنے بتایاکہ عید الفطر پر عید کارڈز کی روایت دم توڑنے سے اپنے دوستوں،عزیزواقارب اور دیگر خاندان کے افراد کو عطر کے تحائف دینے کی روایت میں اضافہ ہو رہا ہے نیز اس کا استعمال اسلامی کلچر کا بھی حصہ ہے۔صوبائی دارلحکومت لاہور میں شاہ عالم مارکیٹ کے ایک تاجرچوہدری محمد شریف نے بتایا کہ پرفیوم مہنگے ہونے کی بنا پر بھی لوگوں کا رجحان عطر کی طرف مائل ہو رہا ہے،اور اسی وجہ سے لاہور میں اب لکشمی کے علاوہ دارالاسلام،مکتبہ البلاغ،المدینہ پرفیوم سمیت دیگر جگہوں پرنہ صرف اس کے کاروبار میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ لوگوںکی طرف سے عطر کی خریداری میں دلچسپی بھی بڑھ رہی ہے۔