راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ پانی بحران پر قابو پانے میں ناکام ہوگیا

عثمان سٹریٹ، آبادی نمبر ایک تا تین ، چوہان سٹریٹ و ملحقہ علاقوں میں پانی کی غیر منصفانہ تقسیم پر شہری سراپا احتجاج

ہفتہ 2 جون 2018 18:04

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2018ء) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ پانی بحران پر قابو پانے میں ناکام ہوگیا ، ایک دن کے وقفے سے پانی کی بیس منٹ فراہمی کا تسلسل بھی ٹوٹ گیا ،کینٹ کے باسی پانی کی بوند بوند کو ترس گئے،واٹر ٹینکر مافیا کی چاندی ۔ایشیاء کے طویل ترین بازار کا اعزاز پانے والے علاقے ٹنچ بھاٹہ عثمان سٹریٹ، ٹنچ بھاٹہ آبادی نمبر ایک ،آبادی نمبر دواور آبادی نمبر تین کے ساتھ ساتھ مرزا سٹریٹ، چوہان سٹریٹ اور ملحقہ علاقوں میں پانی کی غیر منصفانہ تقسیم پر شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔

شہریوں نے اے پی پی کو بتایاکہ رمضان کے مہینے میں بھی پانی کی عدم دستیابی نے شہریوں کو خوفناک حد تک تکلیف میں مبتلا کر رکھا ہے۔ان علاقوں کے رہائشیوں نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ پرائیویٹ واٹر سپلائی کرنے والے ٹینکرز مالکان کی چاندی ہوگئی ہے اور وہ من مانی قیمتوں پر پانی فروخت کرنے لگ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

حیرانگی کا پہلو یہ ہے کہ کٴْچھ علاقوں میں پانی کی قلت نامی کوئی چیز نہیں جبکہ دوسری جانب پانی مستقل طور پر غائب ہے۔

شہریوں نے بتایاکہ پانی کی عدم دستیابی کی بابت والو مین ،سپروائزر اور دیگر کینٹ بورڈ افسران کے بیانات میں بھی تضاد پایا جاتا ہے اور شہریوں کو حقیقی صورتحال سے آگاہ نہیں کیا جا تا ۔ شہریوں نے ڈی جی ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس سے معاملے کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ کینٹ میں پانی کی کمیابی کے مسئلے پر قابو پایا جائے ۔

دوسری جانب کینٹ میں پانی کی کمی کے حوالے سے ترجمان راولپنڈی کینٹ قیصر محمود نے رابطے پر بتایاکہ خانپور ڈیم سے سپلائی میں کمی اور زیر زمین واٹر لیول میں خطرناک حدتک کمی کی وجہ سے کینٹ بھر میں پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے ۔اس ضمن میں کینٹ بورڈ مقامی سطح پر پانی کی ضروریات پوری کرنے کی حتی الامکان کوششوں میں مصروف ہے تاھم زیر زمین پانی کی سطح میں کمی کے باعث ٹیوب ویلز کی ا ستعداد کار بھی جواب دے چکی ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں قیصر محمود نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ کینٹ کے کسی بھی علاقہ میں پانی کی غیر منصفانہ تقسیم نہیں ہو رہی بلکہ حقیقت یہ ہے کہ پانی کے بہائو میں کمی کی وجہ سے اونچائی پر واقع علاقوں میں سپلائی نسبتاً کم ہوتی ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی کی فراہمی آسان ہو تی ہے ۔عثمان سٹریٹ میں ایک دن کے وقفے سے بھی پانی کی عدم فراہمی کی شکایات پر انہوں نے نوٹس لیتے ہوئے معاملہ خود دیکھنے کی یقین دھانی کر ادی ۔

متعلقہ عنوان :