ملیر زون میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال پر ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈکا نوٹس

چائنیز کنٹریکٹر کوتین دن میں صفائی کی صورتحال بہتربنانے کی ہدایت، عوامی شکایات کے حل کیلئے جلد از جلد کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا قیام

اتوار 3 جون 2018 23:30

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2018ء) منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈطحہٰ احمد فاروقی نے ضلع ملیر میں صفائی کی ابتر صورتحال پر نوٹس لیتے ہوئے چائنیز کنٹریکٹرکو تین دن میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا چائنیز کنٹریکٹر معاہدے کے مطابق کام نہیں کررہے انہوںنے کہا کہ اگر صفائی کی صورتحال فوری طور پر بہتر نہیں بنائی جا سکی تو معاہدے کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق انہوں نے قائدآباد پل کے نیچے، یوسی 6 کے علاقے، داؤد چورنگی، فیچر موڑ و دیگر علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا جہاں جگہ جگہ کچرے و ملبہ کے ڈھیر پر انہوںنے ناراضگی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انکے ہمراہ سیکریٹری بورڈ نادر خان، چائنیز کنٹریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر واسق ظفر و دیگر افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے چائنیز کنٹریکٹرکو فوری طور پر جگہ جگہ سے کچرے و ملبے کے ڈھیر صاف کرنے کی ہدایت کی۔

جبکہ گاڑیاں و مشینری اور سینیٹری عملے کی تعداد بڑھانے اور ڈسٹ بن اور بڑے کنٹینرز علاقوں میں رکھنے کے لئے کہا۔علاوہ ازیں عوام کی شکایات کے ازالے کے لئے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بنانے اور گاڑیوں میں ٹریکر سسٹم فوری فعال کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کچرا کنڈیوں کو روزانہ صاف کرنے کے ساتھ ساتھ تمام کچرا کنڈیوں کو باؤنڈری وال کرکے کور کریں۔

انہوں نے کہا کہ شاہراہوں سے کھلی کچرا کنڈیاں ختم کر کے انکی جگہ تبدیل کریں اگر جگہ تبدیل نہیں ہوسکتی تو انہیں باؤنڈری وال کرکے بڑے کنٹینر رکھے جائیں۔انہوں نے کہا کہ صفائی کے ساتھ ساتھ ماحول کو صاف اور صحتمند رکھنے کے لئے بھی اقدامات ضروری ہیں۔ دریں اثناء انہوں نے چائنیز کنٹریکٹر کو معاہدے کے مطابق شہریوںکی آگاہی کیلئے مہم چلانے کے اقدامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :