لاہور پسندیدہ شہر ہے ،ْمیرے دل کے قریب ہے ،ْ پاکستان کو’ناکام ریاست‘ کہنے والی بھارتی اداکارہ نے یوٹرن لے لیا

پیر 4 جون 2018 16:40

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) پاکستان کو’ناکام ریاست‘ کہنے والی بھارتی اداکارہ نے یوٹرن لے لیا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی وڈ اداکارہ سوارا بھاسکر نے گزشتہ ہفتے اپنی نئی ریلیز ہونے والی بولڈ کامیڈی فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ پر پاکستان میں پابندی عائد کیے جانے پر پاکستان کو غیر سیکولر اور ’ناکام ریاست‘ قرار دیا تھا۔

سوارا بھاسکر نے یہ بیان بھارتی ٹی وی چینل سی این این نیوز 18 کے ایک پروگرام کے دوران دیا تھا اس سے قبل وہ 2015 میں پاکستان کے دوسرے دورے کے دوران پاکستانی ٹی وی چینل ’دنیا ٹی وی‘ کے شو ’مذاق رات‘ میں پاکستان کو پسندیدہ ملک اور لاہور کو سب سے بہترین شہر قرار دے چکی تھیں۔سوارا بھاسکر کی جانب سے پاکستان کے خلاف دیے گئے حالیہ بیان پر جہاں پاکستانی اداکارہ عروہ حسین نے انہیں کھری کھری سنائیں، وہیں متعدد پاکستانی افراد نے انہیں سوشل میڈیا پر آئینہ دکھایا۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر پاکستانی و بھارتی افراد کی جانب سے سخت تنقید کیے جانے کے بعد سوارا بھاسکرنے یوٹرن لیتے ہوئے ایک بار پھر لاہور کو اپنا پسندیدہ شہر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور ان کے دل کے قریب ترین ہے۔سوارا بھاسکر نے ایک مداح کی ٹوئیٹ کا جواب دیتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا کہ ہمیں ریاستوں و ملکوں کی حکومتوں اور وہاں کے رہنے والے عوام میں فرق رکھنا چاہیے۔

انہوں نے یوٹرن لیتے ہوئے لکھا کہ وہ پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات رکھتی ہیں کیوں کہ ان کے بہترین اور رازدار دوستوں میں چند پاکستانی بھی ہیں ،ْلاہور ان کے دل کے بہت قریب ہے۔انہوں نے ایک اور ٹوئیٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان بہتر تعلقات اور امن کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔سوارا بھاسکر نے ایک اور ٹوئیٹ میں خود پر ہونے والی آن لائن تنقید کا عکس شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان امن اور دوستانہ تعلقات کو دیکھیں۔

اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی اس پوسٹ میں انہیں نہ صرف پاکستانی بلکہ خود بھارتی مداحوں نے بھی تنقید کا نشانہ بنایا ،ْساتھ ہی کچھ افراد نے انہیں ’بی گریڈ‘ اداکارہ قرار دیا۔واضح رہے کہ سوارا بھاسکر، کرینہ کپور، سونم کپور اور شیکھا تسلانی کی بولڈ کامیڈی فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ میں قابل اعتراض مناظر اور غیر اخلاقی ڈائلاگس کی وجہ سے اسے پاکستان میں نمائش کی اجازت نہیں دی گئی۔’ویرے دی ویڈنگ‘ کو یکم جون کو بھارت سمیت دیگر ممالک میں ریلیز کیا گیا، فلم نے پہلے ہی دن بھارت بھر سے 10 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی تھی۔