ْچینی سفیر کی نگران وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک سے ملاقات،

عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی چین باہمی دلچسپی و بین الاقوامی امور پر پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، یائو جنگ چینی صدر بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو خطے کے عوام کی ترقی میں بڑاکردار ادا کرے گا ،جسٹس (ر) ناصر الملک

منگل 5 جون 2018 17:50

ْچینی سفیر کی نگران وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک سے ملاقات،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2018ء) نگران وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے کہا ہے کہ چینی صدر بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو خطے کے عوام کی ترقی میں بڑاکردار ادا کرے گا ۔وزیراعظم نے یہ بات منگل کو چینی سفیر یائو جنگ سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ چینی سفیر نے نگران وزیر اعظم کو چین کے وزیر اعظم کی جانب سے وزارت اعظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط برادارنہ تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا کرتے ہوئے کہا کہ چین باہمی دلچسپی کے امور و بین الاقوامی امور پر پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ وزیر اعظم نے چینی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے چین کے صدر ووزیراعظم اور چینی عوام کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے چینی صدر شی جن پنگ کی دور اندیش قیادت بالخصوص بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے حوالے سے ان کے وژن کو سراہا اور کہاکہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو خطے کے عوام کی ترقی میں بڑاکردار ادا کرے گا اور پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کو مزید استحکام دے گا۔