ْقراقرم انٹر نیشنل یونیورسٹی کے نئے وائس چانسلر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے عہدہ سنبھال لیا

منگل 5 جون 2018 20:48

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 جون2018ء) قراقرم انٹر نیشنل یونیورسٹی کے نئے و ائس چانسلر پروفیسرانجینئر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے یونیورسٹی میں ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں، سابق قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمدکی قیادت میں انتظامیہ اور فیکلٹی کے سینئر افسران نے نئے وائس چانسلر کاپرتپاک استقبال کیا۔استقبال کے بعد ریلی کی شکل میں نئے وائس چانسلر کو کانفرنس ہال لے جایا گیا۔

جہاں پر وائس چانسلر کو یونیورسٹی اسٹاف اور فیکلٹی ممبران سے تعارف کرایاگیا۔تعا رفی نشست سے اظہار خیال کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے کہاکہ معیار تعلیم میں بلندی اور ریسرچ کا فروغ میری اولین ترجیحات میں شامل ہیں ۔انشاء اللہ چار سال کے عرصے میں کے آئی یو کو پاکستان کی ٹاپ 10جامعات کی صف میں لاکھڑا کرونگا۔

(جاری ہے)

اس مقصد کے حصول کے لیے کے آئی یو فیملی کا کردار نہایت اہمیت کے حامل ہے ،آپ کی مدد سے ہی اس مشن کوحاصل کیاجاسکتاہے ،لہذااسٹاف احساس ذمہ دار کا مظاہرکرتے ہوئے یونیورسٹی کی تعمیر وترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے ۔ انہوںنے کہاکہ معیاری تعلیم اور ریسرچ کے کلچر کے لیے سہولیات کا ہونا لازمی ہے،سہولیات فراہم کرکے میعاری تعلیم اور ریسرچ کلچرکو فروغ دینگے۔

انہوںنے کہاکہ موجودہ دور میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی، انفارمیشن سائنس کا کردار بہت اہم ہے ،گلگت بلتستان میں ابھی تک ایک بھی انجینئرنگ یا ٹیکنکل کالج نہیں اس لیے یونیورسٹی میں انجینئرنگ وٹیکنالوجی کے شعبہ کے ترویج پر کام کرینگے تاکہ گلگت بلتستان کے طلباء کوانجینئرنگ وٹیکنالوجی کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے دیگر صوبوںمیں جاکر پریشانیوںکا سامنا کرنا نہ پڑے ۔

انہوںنے کہاکہ کے آئی یو فیملی کا ممبر بننے پر نہایت خوش ہوں ۔مل کر اس کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کرینگے ۔ترقی و خوشحالی کے لیے لازمی ہے یونیورسٹی کا ہرفرد باہمی احترام کے فضاء کو پروان چڑھائے ۔یونیورسٹی کے گریڈ ون سے لے کر اعلیٰ افسر تک ہرایک کا عزت نفس ہے اس عزت نفس کو برقرار رکھنے کے لیے باہمی احترام کے فضاء کو پیدا کرناہوگا۔ تاکہ خوشگوار انداز میں یونیورسٹی ترقی کا سفر جاری رکھ سکے ۔اس سے قبل تعارفی نشست سے خطاب کرتے ہوئے سابق قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد نے کہاکہ نئے وائس چانسلرنے یونیورسٹی کی تعمیروترقی کے لیے جو ویژن لے کر آئے ہیںاس ویژن کو پوراکرنے کے لیے ان کے ساتھ شانہ بشانہ کا م کرینگے ۔