کورنگی کو شہر کا مثالی ضلع بنایا جائے گا، سید نیئر رضا

بدھ 6 جون 2018 16:58

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2018ء) ضلع کورنگی کے علاقے شاہ فیصل زون ملت موڑ عظیم پورہ تا ملیر 15 ریلوے پھاٹک نیشنل ہائی وے تقریباً 2 کلو میٹر سے زائد شاہراہ کی تعمیر مکمل، گزشتہ رات کارپیٹنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا۔ علاقہ مکینوں کا میئر کراچی وسیم اختر اور چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا سے شاہراہ کی تعمیر پر اظہار تشکر کرتے ہوئے دیرینہ مسائل حل کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے شاہراہ کی کارپیٹنگ کے معائنے کے موقع پر عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ ادارے مالی مشکلات سے سے دوچار ہیں اس کے باوجود علاقائی ترقی اور عوام کو بنیادی مسائل سے نجات دلانے کے لئے منتخب بلدیاتی نمائندے اپنی عوام کی خدمت میں شب و روز مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

،ضلع کورنگی کی تعمیر و ترقی اور عوام کو درپیش مسائل کی محرومیوں سے نجات دلانے کے لئے ہم پرعزم ہیں، عوام کے تعاون سے ضلع کورنگی کو شہر کراچی کا مثالی ضلع بنایا جائیگا۔

اس موقع پر یونین کمیٹیز کے چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلرز کے علاوہ بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔ چیئرمین سید نیئر رضا نے عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اپنے محدود وسائل کو بروئے کار لاکر ناکارہ اور بوسیدہ فراہمی و نکاسی آب کی لائنوں کو تبدیل کرکے شاہراہوں اور گلیوں کی تعمیر کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بلدیہ کورنگی کے پاس وسائل محدود اور ضلع میں لاتعداد مسائل ہیں جسے ہم اپنی ترجیحات پر عملدرآمد کرتے ہوئے بتدریج حل کررہے ہیں۔