فرانسیسی سفیر کی چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن سے ملاقات

فرانس میں پاکستان ویک میں شرکت کی دعوت دی

بدھ 6 جون 2018 20:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جون2018ء) پاکستان میں تعینات فرانسیسی سفیر ، مارک باریٹی نے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق بنوری سے فرانس میں منائے جانے والے پاکستان ویک کی تقریبات کے حوالے سے کمیشن سیکرٹریٹ میں ملاقات کی ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ، ہائر ایجوکیشن کمیشن، ڈاکٹر ارشد علی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

مارک باریٹی نے ڈاکٹر طارق بنوری کو چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن کا چارج سنبھالنے پر مبارباد دیتے ہوئے کہا کہ فرانسیسی سفارت خانہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ دور رس تعلقات کاخواہاں ہے تاکہ اعلی تعلیم کے شعبہ میں باہمی اشتراک جاری رکھا جا سکے ۔ انھوں نے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن کو فرانس میں منائے جانے والے پاکستان ویک، جو کہ 18جون2018سے شروع ہو رہا ہے، میں شرکت کی دعوت بھی دی ۔

(جاری ہے)

فرانسیسی سفیر نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ سال 2019-20میں ہائر ایجوکیشن کمیشن اور فرانسیسی سفارت خانہ ایک بین الاقوامی آرکیالوجی کانفرنس کا انعقاد کریں ۔ ڈاکٹر طارق بنوری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلی تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رہے گی ۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق رائے کیا گیا کہ موسمیاتی تبدیلی ، سوشل سائنس اور ہیومن سائنس کے شعبہ جات میں مل کر کام کیا جائے گا ۔

ملاقات میں فرانس میں منائے جانے والے پاکستان ویک میں پاکستانی شعبہ تعلیم سے وابسطہ افراد کو فرانس کا دورہ کروائے جانے کی سفارش بھی کی گئی تاکہ فرانسیسی نظام تعلیم اور تحقیق کی کوالٹی کے بارے میں بہتر معلومات حاصل کی جاسکیں ۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن، فرانسیسی سفارت خانہ اور کیمپس فرانس گزشتہ تین سال سے فرانس میں پاکستان ویک اور پاکستان میں فرینچ ویک کی تقریبات منعقد کر رہے ہیں تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اعلی تعلیم کے شعبہ میں اشتراک کو جاری رکھا جائے اور فرانسیسی تعلیمی اداروں میں پاکستانی پی ایچ ڈی ڈگری ہولڈرز کو بھجوایا جا سکے ۔