بلوچستان میں بھی انتخابی سرگرمیاں عروج پر سیاسی ،مذہبی ،قوم پرست جماعتوں نے کاغذات نامزدگی وصول کرلیے

بدھ 6 جون 2018 21:17

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جون2018ء) ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی انتخابی سرگرمیاں عروج پرپہنچ چکی ہیں ۔مختلف سیاسی ،مذہبی ،قوم پرست جماعتوں ،آزاد امیدواران ودیگر کی جانب سے کاغذات نامزدگی وصول کئے جانے کا سلسلہ جاری ہے ۔گزشتہ روز تک حلقہ این اے 264کوئٹہ کیلئے 17امیدواران نے کاغذات نامزدگی حاصل کئے جن میں ذوالفقار علی سنجرانی ،لالا یوسف خلجی سمیت دیگر شامل ہیں جبکہ حلقہ این اے 265کیلئے گزشتہ روز تک 30کے قریب امیدواران نے کاغذات نامزدگی حاصل کئے ہیں جبکہ ایک امیدوار محمد عارف ہوتانزئی نے کاغذات نامزدگی جمع کروادئیے ہیں ،کاغذات نامزدگی حاصل کرنے والوں میں مذکورہ حلقہ سے کاغذات نامزدگی حاصل کرنے والوں میں جماعت اسلامی کے زاہد اختر سمیت دیگر شامل ہیں اس کے علاوہ حلقہ این اے 266کوئٹہ کیلئے بھی کاغذات نامزدگی کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے گزشتہ روز تک 34امیدواران نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے تھے جن میں سابق سٹی ناظم مقبول احمد لہڑی ،بلوچستان نیشنل پارٹی کے نواب زادہ حاجی میر لشکری رئیسانی،سردارعمران بنگلزئی ،نیشنل پارٹی کے نواب محمد خان شاہوانی ودیگر نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے ہیں ۔

(جاری ہے)

حلقہ پی بی 26کیلئے گزشتہ روز تک 25امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے جن میں عوامی نیشنل پارٹی کی جمیلہ کاکڑ اور دیگر شامل ہیں۔حلقہ پی بی 24کوئٹہ کیلئے گزشتہ روز تک 16امیدواران نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے جن میں جمعیت علماء اسلام کے مولاناساز الدین ،پاکستان تحریک انصاف کے محمدحسین ،سید ظہوراحمد آغاودیگر شامل ہیں ۔کوئٹہ کے 9صوبائی حلقوں پر الیکشن میں حصہ لینے کیلئے درجنوں امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے کوئٹہ کے علاوہ صوبے کے تمام اضلاع میں ریٹرننگ آفیسرز کے دفاتر سے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے تاہم اب تک بہت کم ہی امیدواران نے کاغذات نامزدگی جمع کئے ہیں،کوئٹہ میں خواتین اور اقلیتوں کی نشستوں کیلئے کاغذات نامزدگی وصولی اور جمع کرانے کیلئے دئیے گئے شیڈول کے مطابق اب صرف 2دن ہی باقی رہ گئے ہیں ۔